خود روزگار: خود اعتمادی اور باوقار زندگی کی پہلی سیڑھی۔ونایک چوہان - انجمن ڈگری کالج دھارواڑ میں اسکل ڈیولپمینٹ پرخصوصی پروگرام، ماہرین نے طلبہ کو خود کفالت کی اہمیت سے روشناس کرایا۔
خود روزگار: خود اعتمادی اور باوقار زندگی کی پہلی سیڑھی۔ونایک چوہان -
انجمن ڈگری کالج دھارواڑ میں اسکل ڈیولپمینٹ پرخصوصی پروگرام، ماہرین نے طلبہ کو خود کفالت کی اہمیت سے روشناس کرایا۔
دھارواڑ 16مئی؛(راست) انجمن آرٹس سائنس کامرس کالج اینڈ پی جی اسٹڈیز دھارواڑ کے شعبۂ انگریزی اور شعبۂ تعلیم کے اشتراک سے، IQAC کے زیرِ اہتمام ایک خصوصی پروگرام کا انعقاد عمل میں آیا۔شری ونایک چوہان بطورِمہمانِ خصوصی اس اپنے خطاب میں کہا کہ خود روزگار ،خود اعتمادی اور باوقار زندگی کی پہلی سیڑھی ہے۔انہوں نے طلبہ کو مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ موجودہ دور میں صرف ڈگری حاصل کرنا کافی نہیں بلکہ مہارت، خود اعتمادی اور عملی صلاحیتوں کے ذریعے معاشرے میں اپنی شناخت قائم کرنا وقت کی اہم ضرورت ہے۔ انہوں نے کہا کہ خود روزگار نوجوانوں کو نہ صرف معاشی طور پر مستحکم بناتا ہے بلکہ انہیں دوسروں پر انحصار سے آزاد کرکے باوقار زندگی گزارنے کا حوصلہ عطا کرتا ہے۔انہوں نے مزید کہا کہ مختلف وجوہات کی بنا پر تعلیم سے محروم رہ جانے والے افراد کے لیے بھی خود روزگار امید کی ایک نئی کرن ہے، جو بے روزگاری کے خاتمے میں اہم کردار ادا کرسکتا ہے۔ حکومت اور مختلف مالیاتی اداروں کی جانب سے نوجوانوں کے لیے فراہم کی جانے والی تربیت، قرضہ جاتی سہولیات اور فنی رہنمائی سے فائدہ اٹھاتے ہوئے طلبہ اپنے مستقبل کو روشن بنا سکتے ہیں۔ انہوں نے نوجوانوں پر زور دیا کہ وہ اپنی صلاحیتوں کو پہچانیں، چھوٹے پیمانے سے ہی سہی مگر خود مختار کاروبار کی طرف قدم بڑھائیں تاکہ وہ ایک ذمہ دار اور مثالی شہری بن سکیں۔جلسے کی صدارت کرتے ہوئے ڈاکٹر این بی نالتواڑ پرنسپل نے اپنے صدارتی خطاب میں کہا کہ خود روزگار صرف روزی روٹی کا ذریعہ نہیں بلکہ خود اعتمادی، خود کفالت اور قومی ترقی کی بنیاد ہے۔ انہوں نے کہا کہ آج کا نوجوان اگر ہنر اور جدت کے ساتھ آگے بڑھے تو وہ نہ صرف اپنی زندگی سنوار سکتا ہے بلکہ ملک کی اقتصادی ترقی میں بھی نمایاں کردار ادا کرسکتا ہے۔ انہوں نے طلبہ کو تلقین کی کہ وہ جدید تقاضوں کے مطابق فنی مہارتیں حاصل کریں اور خود کو عملی میدان کے لیے تیار کریں، کیونکہ یہی کامیابی کی اصل کنجی ہے۔ پروگرام کا آغاز صبیحہ قاضی کی تلاوت کلام پاک سے ہوا،متو وڈر نے شلوک پڑھے۔پروگرام کی نظامت محترمہ شِرین بانو شیرگپّی نے انجام دی۔ صدر شعبۂ انگریزی ڈاکٹر اسماء ناز بلا ری نے مہمانوں کا استقبال کیا۔ صدرشعبۂ تعلیم ڈاکٹر سوبھاگیاجادھو نے مہمانِ خصوصی کا تعارف پیش کیا۔ محترمہ چاند سلطان مُلّا نے اظہارِ تشکر ادا کیا، محترمہ ودیا شری اور سُشما انگڈی نے مختلف مقابلوں کے کامیاب طلبہ میں تقسیم انعامات کی کاروائی انجام دی۔اس پروگرام میں IQAC کوآرڈینیٹر ڈاکٹر سید تاج النساءاسٹاف سیکریٹری ڈاکٹر بی بی عائشہ چکولی ،دیگر اساتذۂ کرام اور طلبہ کی کثیر تعداد موجود تھی، جنہوں نے پروگرام کو کامیاب بنانے میں بھرپور تعاون دیا۔(رپورٹ : ڈاکٹر بی بی عائشہ چکولی،انجمن ڈگری کالج دھارواڑ،کرناٹک)
Comments
Post a Comment