پی ایم شری اسکیم کے تحت قومی سطحی رہنمائی پروگرام کا شاندار انعقاد ۔


دھرنگاؤں (نامہ نگار) : پی ایم شری اسکیم کے تحت ضلع پریشد اردو اعلیٰ پرائمری اسکول نمبر 2، دھرنگاؤں میں ایک نہایت اہم، معلوماتی اور عملی نوعیت کا پروگرام منعقد کیا گیا، جس میں قومی سطح کے ماہرین کی رہنمائی سے طلبہ نے بھرپور استفادہ حاصل کیا۔ اس پروگرام کا بنیادی مقصد طلبہ میں تعلیمی شعور بیدار کرنا، سائنسی سوچ کو فروغ دینا اور انہیں عملی تجربات کے ذریعے سیکھنے کا موقع فراہم کرنا تھا۔
پروگرام میں ممتاز سائنس مضمون کے ماہر اور کرئیر کونسلرعارف محمد خان عبدالمجید سالار اقرا اردو ہائی اسکول بورنار، جلگاؤں نے بطور مہمانِ خصوصی شرکت کی اور مختلف سائنسی و تعلیمی موضوعات پر نہایت سادہ اور دلچسپ انداز میں طلبہ کی رہنمائی کی۔ اپنے خطاب میں انہوں نے جدید سائنس، ٹیکنالوجی اور تحقیق کی اہمیت کو اجاگر کرتے ہوئے طلبہ کو محنت، جستجو اور مثبت طرزِ فکر اپنانے کی تلقین کی۔
اس پروگرام کی خاص بات یہ رہی کہ طلبہ کے سامنے گھریلو اور بیکار اشیاء سے چھوٹے چھوٹے سائنسی تجربات پیش کیے گئے۔ ان تجربات کے ذریعے یہ ثابت کیا گیا کہ سائنس صرف کتابوں تک محدود نہیں بلکہ روزمرہ زندگی میں بھی اس کا عملی اطلاق موجود ہے۔ سادہ اشیاء جیسے بوتلیں، کاغذ، پلاسٹک اور دیگر عام چیزوں کے ذریعے دلچسپ تجربات کر کے طلبہ میں سیکھنے کا شوق اور تجسس پیدا کیا گیا۔ ان عملی مظاہروں نے طلبہ کو بے حد متاثر کیا اور انہیں خود بھی ایسے تجربات کرنے کی ترغیب ملی۔
تقریب کے آغاز میں مہمانِ خصوصی کا پرتپاک استقبال کیا گیا اور انہیں گل دستہ پیش کر کے اعزاز سے نوازا گیا۔ اس موقع پر اسکول کے اساتذہ، معززینِ علاقہ اور طلبہ کی بڑی تعداد موجود تھی۔ پروگرام کے دوران سوال و جواب کا سیشن بھی منعقد ہوا، جس میں طلبہ نے بھرپور حصہ لیا اور اپنے سوالات کے تسلی بخش جوابات حاصل کیے۔
منتظمین نے اس عزم کا اظہار کیا کہ آئندہ بھی اس نوعیت کے عملی اور رہنمائی پروگرام منعقد کیے جائیں گے تاکہ طلبہ کو جدید تقاضوں کے مطابق تعلیم اور تربیت فراہم کی جا سکے۔
یہ پروگرام نہ صرف معلوماتی بلکہ عملی طور پر بھی طلبہ کے لیے بے حد مفید ثابت ہوا اور ان کے روشن مستقبل کی جانب ایک اہم قدم قرار دیا جا رہا ہے۔

Comments

Popular posts from this blog

پانگل جونیئر کالج میں نیٹ, جی میں کامیاب طلباء کا استقبال۔

شمع اردو اسکول سولاپور میں کھیلوں کے ہفتہ کا افتتاح اور پی۔ایچ۔ڈی۔ ایوارڈ یافتہ خاتون محترمہ نکہت شیخ کی گلپوشہ

رتن نیدھی چیریٹیبل ٹرسٹ ممبئی کی جانب سے بیگم قمر النساء کاریگر گرلز ہائی اسکول اینڈ جونیئر کالج کو سو کتابوں کا تحفہ۔