الحسن انٹرنیشنل اسکول میں یومِ مہاراشٹر کے موقع پر باوقار تقریبِ پرچم کشائی۔
جلگاؤں (نامہ نگار) الحسن انٹرنیشنل اسکول، نور محمد ایجوکیشنل کیمپس میں یکم مئی ( یوم مہاراشٹر و یومِ مزدور) کے موقع پر ایک باوقار اور پُروقار تقریبِ پرچم کشائی کا انعقاد عمل میں آیا۔ صبح ۸ بجے شہر کی معروف علمی و طبی شخصیت ڈاکٹر چیتن چودھری (ایم ڈی، ڈی ایم؛ چیسٹ فزیشن) نے اپنے دستِ مبارک سے قومی پرچم لہرایا، جس کے ساتھ ہی حب الوطنی کے جذبات سے سرشار فضا میں قومی ترانہ گونج اٹھا۔
اس موقع پر بین الاقوامی اسپورٹس پرسن و کوچ پروفیسر مرزا اقبال، سینئر صحافی سعید پٹیل، موظف پرنسپل عقیل خان بیاولی اور موظف معلم محمد حنیف قادر بطور مہمانانِ خصوصی شریک رہے۔ تقریب میں تدریسی و غیر تدریسی عملے کے ساتھ طلبہ کی بھی نمایاں شرکت رہی، جس سے پروگرام کی شان میں مزید اضافہ ہوا۔
اپنے صدارتی خطاب میں ڈاکٹر چیتن چودھری نے فروغِ تعلیم کی اہمیت پر زور دیتے ہوئے ڈراپ آؤٹ طلبہ کے مسئلے اور شہروں و قصبوں کے درمیان تعلیمی تفاوت کو مدلل انداز میں پیش کیا۔ انہوں نے کہا کہ معیاری تعلیم ہی ایک مضبوط اور باشعور معاشرے کی بنیاد ہے، اور اس کے لیے مشترکہ جدوجہد ناگزیر ہے۔
ادارے کے روحِ رواں اور نوجوان وژن کے حامل ڈاکٹر التمش حسن نے اپنے خطاب میں دورِ حاضر کے قومی و بین الاقوامی تعلیمی نظام پر روشنی ڈالتے ہوئے الحسن انٹرنیشنل اسکول کی تعلیمی پیش رفت، جدید طرزِ تدریس اور مستقبل کے منصوبوں کا جامع خاکہ پیش کیا۔ انہوں نے اس عزم کا اظہار کیا کہ ادارہ طلبہ کو عصری تقاضوں سے ہم آہنگ معیاری تعلیم فراہم کرنے کے لیے مسلسل کوشاں رہے گا۔
تقریب نہایت منظم اور باوقار ماحول میں اختتام پذیر ہوئی۔
Comments
Post a Comment