ریاستی وزیرِ حج و بلدی نظم و نسق جناب الحاج محمد رحیم خان کے اعزاز میں مسجد عثمانیہ بیدر میں شاندار تہنیتی تقریب۔
بیدر،10؍مئی (نامہ نگار) بیدر کے نوجوان، حرکیاتی اور ترقی پسند قائدِ قوم، رکنِ اسمبلی بیدر و ریاستی وزیرِ حج و بلدی نظم و نسق جناب الحاج محمد رحیم خان اس سال عازمِ حج ہیں۔ اس موقع پر حلقۂ اسمبلی بیدر میں مختلف سیاسی جماعتوں، سماجی و ملی تنظیموں کی جانب سے تہنیتی تقریبات کا سلسلہ جاری ہے۔ اسی سلسلہ کی ایک کڑی کے طور پر کل بعد نمازِ عشاء شہر کی تاریخی و خوبصورت مسجد عثمانیہ، قدوائی روڈ بیدر میں انتظامی کمیٹی کے زیرِ اہتمام ایک شاندار تہنیتی تقریب منعقد ہوئی۔ تقریب کی صدارت جناب الحاج محمد حبیب الدین گتہ دارصدرانتظامی کمیٹی نے کی۔ اس موقع پر عہدیدارانِ کمیٹی، اراکینِ برادری بز قصبابان علی باغ، اہلیانِ محلہ، مصلیانِ مسجد اور شہریوں کی کثیر تعداد موجود تھی۔
تقریب میں رکنِ اسمبلی بیدر جناب الحاج محمد رحیم خان کا پرتپاک استقبال کیا گیا۔ جناب محمد عبدالصمد منجووالا، سابق صدر مجلس بیدر نے استقبالیہ خطاب کرتے ہوئے موصوف کو کمیٹی اور برادری کی جانب سے مبارکباد پیش کی۔ انہوں نے کہا کہ جناب محمد رحیم خان کی ذاتی دلچسپی اور خصوصی تعاون سے برادری بز قصبابان علی باغ بیدر کو تدفین کے لیے آدھا ایکر اراضی منظور ہوئی، جس پر پوری برادری اُن کی شکر گزار ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ برادری چار ہزار سے زائد افراد پر مشتمل ہے، اس لیے آدھا ایکر اراضی ناکافی ہے، لہٰذا مزید دو ایکر اراضی منظور کی جائے۔ انہوں نے مسجد عثمانیہ بیدر کی تفصیلات کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ یہ شہر کی ایک تاریخی اور خوبصورت مسجد ہے، مگر مسجد سے متصل غسل خانے، طہارت خانے، چھت اور دیواریں بوسیدہ ہوچکی ہیں۔اوپر کے حصہ میں بھی چھت اور دیگر تعمیراتی کاموں کا منصوبہ زیر غور ہے۔ علاوہ ازیں مصلیان کی بڑھتی ہوئی تعداد کے باعث مسجد اپنی تنگ دامنی کا شکوہ کر رہی ہے۔ لہٰذا مسجد کی تعمیر و مرمت کے لیے کم از کم دو کروڑ روپے منظور کرنے کا پُرزور مطالبہ کیا۔
اس موقع پر جناب محمد عبدالعزیز منا، کارپوریٹر مجلس بلدیہ بیدر نے اپنے خطاب میں جناب محمد رحیم خان کو مبارکباد پیش کرتے ہوئے کہا کہ وقف فنڈ سے مسجد عثمانیہ کے لیے کم از کم دو کروڑ روپے منظور کیے جائیں اور برادری کے لیے قریبی مقام پر مزید دو ایکر اراضی فراہم کی جائے۔ اپنی پُراثر جوابی تقریر میں رکنِ اسمبلی بیدر و ریاستی وزیر جناب الحاج محمد رحیم خان نے کہا کہ وہ اپنے تعلیمی دور سے ہی اہلیانِ محلہ کو قریب سے جانتے ہیں اور مسجد عثمانیہ سے بھی بخوبی واقف ہیں۔ انہوں نے کہا کہ احباب کی دعاؤں کے نتیجہ میں اللہ تعالیٰ نے انہیں حجِ بیت اللہ شریف کی سعادت سے سرفراز فرمارہا۔ انہوں نے تیقن دیا کہ برادری اور مسجد کے جائز مطالبات کی تکمیل کے لیے وہ بھرپور اور کامیاب کوشش کریں گے۔
اس موقع پر جناب محمد حبیب الدین صدرِ برادری و انتظامی کمیٹی اور دیگر عہدیداران نے جناب الحاج محمد رحیم خان کی شال پوشی و گلپوشی کرتے ہوئے شاندار تہنیت پیش کی اور برادری کے حق میں خصوصی دعاؤں کی درخواست کی۔ رکن اسمبلی کے ہمراہ جناب محمد غوث میئر مجلس بلدیہ بیدر ، محمد نبی قریشی سابق رکنِ بلدیہ تشریف لائے تھے ان کی بھی گلپوشی کی گئی ۔ جناب محمد عبدالصمد منجووالارکن انتظامی کمیٹی نے نظامت کے فرائض انجام دیے جبکہ جناب محمد مصیح الدین نے دعا فرمائی۔ بعد اظہارِ تشکر تقریب اختتام پذیر ہوئی۔
Comments
Post a Comment