تلنگانہ کی گنگا جمنی تہذیب کو برقرار رکھنے کی ضرورت سماجی ہم آہنگی کے خلاف سازشیں ناکام ہوں گی،ظہیرآباد ملن فنکشن ہال میں حافظ پیر خالق احمد صابر کا خطاب۔


حیدرآباد 11/مئی (نمائندہ) حضرت مولانا سید محمود اسعد مدنی صاحب دامت برکاتہم العالیہ صدر جمعیۃ علماء ہند کی جانب سے پوری ملک میں سد بھاؤ نا سنسد (قومی یکجہتی) کے تحت امن بھائی چارگی نفرت کے ماحول کو پیار ومحبت میں تبدیل کرنے کے لئے ایک مہم چلائی جارہی ہے اس کے ضمن میں ریاستی جمعیۃ علماء تلنگانہ کے زیراہتمام کل یہ پروگرام منعقد ہوا۔ تلنگانہ اپنی گنگا جمنی تہذیب بھائی چارے اور مذہبی رواداری کے لیے ملک بھر میں ایک منفرد شناخت رکھتا ہے۔ یہاں مختلف مذاہب زبانوں اور طبقات سے تعلق رکھنے والے افراد برسوں سے باہمی احترام اور محبت کے ساتھ زندگی گزار رہے ہیں۔ یہی تلنگانہ کی اصل خوبصورتی اور طاقت ہے۔ان خیالات کا اظہار مہمان خصوصی جناب حافظ پیر خالق احمد صابر جنرل سیکریٹری جمعیت علماء ریاست تلنگانہ نے ملن فنکشن پیالیس ظہیرآباد میں جمعیت علمائے ہند کے زیراہتمام منعقدہ ضلع سنگا ریڈی کے سدبھاؤنا اجلاس عام کے شرکاء سے کیا۔ انہوں نے کہا کہ موجودہ دور میں سوشل میڈیا کے بعض پلیٹ فارمز کے ذریعے فرقہ وارانہ ہم آہنگی کو متاثر کرنے اور سماج میں نفرت پھیلانے کی مذموم کوششیں کی جا رہی ہیں جو نہایت افسوسناک اور تشویشناک امر ہے۔ چند شرپسند عناصر اپنی ذاتی مفادات کے لیے سماج کے پرامن ماحول کو خراب کرنے میں مصروف ہیں۔تلنگانہ کی تاریخ اس بات کی شاہد ہے کہ گزشتہ کئی دہائیوں سے یہاں کے عوام نے مذہبی اور سماجی اختلافات سے بالاتر ہوکر ایک دوسرے کے ساتھ خوشگوار تعلقات قائم رکھے۔ تاہم حالیہ برسوں میں بعض سیاسی طاقتیں اقتدار کی ہوس میں عوام کے درمیان دوریاں پیدا کرنے کی کوشش کر رہی ہیں، جس سے سماجی اتحاد کو خطرات لاحق ہو سکتے ہیں۔ انہوں نے زور دے کر کہا کہ یہ دیش نہ تیر سے چلے گا نہ تلوار سے صرف پیار اور محبت سے چلے گا امن کےخلاف کام کرنے والے اپنی الگ دکان بنالیں۔اس جلسے سے برادران وطن ، مسٹر راچیا سوامی، محمد یونس صدر نشین بلدیہ، محمد تنویر سابق چیئرمین ٹی آئی ڈی سی، شیخ فرید، سید جلال الدین،عبدالجبار، جناردھن دلت لیڈر نے اپنے مشترکہ خطاب میں کہا کہ ملک نہ نفرت سے چل سکتا ہے نہ تشدد اور طاقت کے زور پر بلکہ محبت اخوت اور باہمی احترام ہی ایک مضبوط اور خوشحال معاشرے کی بنیاد ہیں۔ امن و بھائی چارے کے خلاف کام کرنے والے عناصر کو عوام مسترد کریں گے اور انہیں اپنے مذموم عزائم کے لیے الگ راستہ اختیار کرنا ہوگا۔ نظامت کے فرائض مفتی خلیل احمد نے انجام دیے جبکہ محمد عبدالقدیر ایم ایم میڈکل کے ظہار تشکر پر اجلاس کا اختتام عمل میں آیا۔ اس اجلاس میں مولانا عبدالمجیب قاسمی صدر جمعیت علماء ظہیرآباد، مفتی عبدالصبور قاسمی جنرل سیکریٹری جمعیت علماء ضلع سنگا ریڈی،حافظ محمد اکبر اور برادران سماجی مذہبی تنظیموں کے سرکردہ قائدین کے علاوہ قابل لحاظ تعداد موجود تھی۔۔۔۔

Comments

Popular posts from this blog

پانگل جونیئر کالج میں نیٹ, جی میں کامیاب طلباء کا استقبال۔

شمع اردو اسکول سولاپور میں کھیلوں کے ہفتہ کا افتتاح اور پی۔ایچ۔ڈی۔ ایوارڈ یافتہ خاتون محترمہ نکہت شیخ کی گلپوشہ

رتن نیدھی چیریٹیبل ٹرسٹ ممبئی کی جانب سے بیگم قمر النساء کاریگر گرلز ہائی اسکول اینڈ جونیئر کالج کو سو کتابوں کا تحفہ۔