مردم شماری قومی تہوار، ہر شہری خود شماری میں بڑھ چڑھ کر حصہ لے: ادریس نائیکواڑی۔ ایک فرد دس افراد کو مردم شماری سے جوڑے، ڈیجیٹل خود شماری مہم میں تعاون کی اپیل۔



میرج: (نامہ نگار)مہاراشٹر قانون ساز کونسل کے رکن ادریس نائیکواڑی نے کہا ہے کہ ہندوستان کی مردم شماری ایک قومی تہوار کی حیثیت رکھتی ہے اور اس میں حصہ لینا ہر شہری کی قومی ذمہ داری ہے۔ انہوں نے عوام سے اپیل کی کہ وہ پورے جوش و خروش کے ساتھ خود شماری مہم میں شریک ہوں اور اس قومی فریضے کی تکمیل میں اپنا بھرپور تعاون پیش کریں۔ایک اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ مردم شماری قوم کی فلاح و بہبود اور ترقیاتی منصوبہ بندی کی بنیاد ہے۔ حکومت کی مختلف اسکیمیں اور ترقیاتی پروگرام مردم شماری کے اعداد و شمار کی بنیاد پر مرتب کیے جاتے ہیں، اس لیے جتنی زیادہ درست معلومات حاصل ہوں گی اتنے ہی موثر اور مفید منصوبے تیار کیے جا سکیں گے۔انہوں نے کہا کہ یہ امر خوش آئند ہے کہ ہندوستان کی آٹھویں مردم شماری کو جدید ٹیکنالوجی سے آراستہ کرتے ہوئے ہائی ٹیک اور مکمل طور پر پیپر لیس بنانے کی کوشش کی جا رہی ہے۔ ان کے مطابق ڈیجیٹل مردم شماری نہ صرف وقت کی بچت کرے گی بلکہ گلوبل وارمنگ جیسے مسائل سے نمٹنے میں بھی معاون ثابت ہوگی۔ادریس نائیکواڑی نے کہا کہ اس بار خود شماری کی سہولت فراہم کرکے عوام کو براہِ راست اس مہم سے جوڑا گیا ہے، جس سے شفافیت میں اضافہ ہوگا اور کم وقت میں درست ڈیٹا جمع کرنے میں آسانی پیدا ہوگی۔ انہوں نے بتایا کہ ماضی میں مردم شماری کے اعداد و شمار مرتب کرنے میں برسوں لگ جاتے تھے، لیکن ڈیجیٹل نظام کے ذریعے یہ عمل نہایت آسان اور تیز رفتار بن گیا ہے۔انہوں نے ضلعی مردم شماری سیل کے افسران کی مدد سے اپنی خود شماری مکمل کرنے کا بھی ذکر کیا اور کہا کہ اب عام شہری بھی اپنے موبائل فون کے ذریعے آسانی سے خود شماری انجام دے سکتے ہیں۔عوام سے اپیل کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ ہر فرد کم از کم دس افراد کو مردم شماری اور خود شماری کے بارے میں آگاہ کرے، انہیں اس میں حصہ لینے کی ترغیب دے اور ضرورت پڑنے پر ان کی رہنمائی بھی کرے۔ انہوں نے مردم شماری کے عملے اور افسران سے مکمل تعاون کی بھی اپیل کی۔آخر میں انہوں نے کہا کہ یہ خطہ ہمیشہ عوامی مہمات میں پیش پیش رہا ہے اور امید ظاہر کی کہ ضلع کے عوام خود شماری مہم کو کامیاب بنانے میں بھرپور کردار ادا کرتے ہوئے اسے سرفہرست اضلاع میں شامل کریں گے۔

Comments

Popular posts from this blog

پانگل جونیئر کالج میں نیٹ, جی میں کامیاب طلباء کا استقبال۔

شمع اردو اسکول سولاپور میں کھیلوں کے ہفتہ کا افتتاح اور پی۔ایچ۔ڈی۔ ایوارڈ یافتہ خاتون محترمہ نکہت شیخ کی گلپوشہ

رتن نیدھی چیریٹیبل ٹرسٹ ممبئی کی جانب سے بیگم قمر النساء کاریگر گرلز ہائی اسکول اینڈ جونیئر کالج کو سو کتابوں کا تحفہ۔