اقراء اردو جونیئر کالج آف ایجوکیشن جلگاؤں میں الوداعی تقریب و تقسیمِ انعامات کا انعقاد۔
جلگاؤں:( عقیل خان بیاولی) اقراء ایجوکیشن سوسائٹی کے زیرِ اہتمام اردو جونیئر کالج آف ایجوکیشن جلگاؤں میں ڈی ایل ایڈ سالِ دوم کے زیرِ تربیت معلمین کے لیے الوداعی تقریب اور تقسیمِ انعامات کا باوقار انعقاد صدرِ سوسائٹی الحاج عبدالکریم سالار کی زیرِ صدارت عمل میں آیا۔ آغاز حذیف شاہ کی پرسوز تلاوتِ قرآنِ پاک سے ہوا، جبکہ نعتِ رسولِ مقبول کا نذرانہ نبیہ فاطمہ نے پیش کیا۔ سالِ دوم کی طالبہ سعدیہ مختار نے ترانۂ اقراء دلکش آواز میں پیش کر کے حاضرین کو محظوظ کیا۔
اس موقع پر مہمانانِ خصوصی میں ایجوکیشن سوسائٹی کے خازن امین بادلی والا، سیکرٹری اعجاز ملک، عبدالمجید ذکریا سیٹھ، رمیض بادلی والا، شعبہ ڈی ایل ایڈ کے چیئرمین عبدالرشید شیخ، بی ایڈ کالج کے پرنسپل ڈاکٹر عرفان شیخ، بی یو ایم ایس کالج کے وائس پرنسپل ڈاکٹر شعیب شیخ ،پبلک اسکول کے پرنسپل شیخ شکیل شریک رہے۔ کالج کی سالانہ رپورٹ پرنسپل سعیدہ وکیل نے پیش کی، ڈی ایل ایڈ سالِ دوم کے طلبہ معراج شیخ اور صائمہ شیخ نے اپنے دو سالہ تعلیمی سفر کے تجربات بیان کیے۔ سالِ اول کے طلبہ صفیان باغبان اور خنساء فاطمہ نے اپنے سینئرز کے لیے نیک تمناؤں کا اظہار کیا۔ مہمانانِ کرام نے اپنے خطابات میں معلم کے کردار اور ذمہ داریوں پر روشنی ڈالی۔ شیخ شکیل نے معلم کے فرائض بیان کیے، امین بادلی والا نے کہا کہ ایک معلم کا بااعتماد اور باکردار ہونا نہایت ضروری ہے۔ اعجاز ملک نے اس بات پر زور دیا کہ اساتذہ معاشرے میں مثبت تبدیلی کے امین ہوتے ہیں۔ چیئرمین عبدالرشید شیخ نے اپنے خطاب میں فرمایا: "ہمیں چاہیے کہ ہم تعلیم کے ساتھ اخلاق، دیانت اور خدمتِ خلق کو بھی اپنی زندگی کا حصہ بنائیں۔"صدارتی خطاب میں الحاج عبدالکریم سالار نے طلبہ کی حوصلہ افزائی کرتے ہوئے فرمایا: "یہ انعامات آپ کی محنت کا اعتراف ہیں اور آنے والے روشن مستقبل کی نوید بھی۔" تقریب کے دوران مختلف کھیلوں میں نمایاں کارکردگی دکھانے والے طلبہ کو میڈلز، ٹرافیز اور اسناد سے نوازا گیا۔ گزشتہ سال بورڈ امتحان میں اول دوم اور سوم مقام حاصل کرنے والی طالبات کا بھی اعزاز کیا گیا۔ پروگرام کو کامیاب بنانے میں پروفیسر رفیق شٹ، قاسم اخلاق، جمیل شیخ، اسما میڈم، ناظمین میڈم اور غیر تدریسی عملے کی کاوشیں قابلِ ستائش رہیں۔محمد عدنان نے نظامت کے فرائض خوش اسلوبی سے انجام دیے، حبیب اللہ کھاٹک نے اظہارِ تشکر پیش کیا۔
Comments
Post a Comment