فن خوشنویسی میں نمایاں خدمات پر بنگلور میں غوث ارسلان کو "ممتاز شیریں ایوارڈ”
حیدرآباد ۔ (پریس نوٹ) محفل نساء بنگلور کی جانب سے “الامین ایجوکیشن سوسائٹی” اور “ہندستانی اردو منچ” کے باہمی اشتراک سے گذشتہ اتوار کو ہوٹل پراگ میں جشن یوم اردو کا اہتمام کیا گیا۔ محفل نساء کے زیر اہتمام پچھلے 17 سالوں سے پابندی سے ہر سال یوم اردو کا اہتمام کیا جارہا ہے اس موقع پر ادب اور فنون لطیفہ کے شعبوں میں نمایاں خدمات پر ملک کی مختلف شخصیات کو “محمود ایاز”، “ممتاز شیریں” اور “اردو دوست” ایوارڈز دیئے جاتے رہے ہیں۔ امسال پدم شری حکیم سیدظل الرحمن (علی گڑھ) کو محمود ایاز ایوارڈ اور غوث ارسلان (حیدرآباد) کو فن خوشنویسی میں نمایاں خدمات پر ممتاز شیریں ایوارڈ سے نوازا گیا۔ اس کے علاوہ ظفر محی الدین اور اقبال احمد بیگ کو اردو دوست ایوارڈ اور لاؤنیہ کو عروج نساء ایوارڈ دیا گیا۔ عزیز اللہ بیگ ریٹائرڈ آئی اے ایس و سابق صدرنشین کرناٹک اردو اکیڈیمی نے اس محفل کی صدارت کی۔ محفل نساء کی صدر ڈاکٹر شائستہ یوسف نے خیرمقدم کیا اور تنظیم کے اغراض و مقاصد بیان کیے۔ آعظم شاہد نے نظامت کے فرائض انجام دئیے۔ اس پر وقار محفل کے مہمانان میں م ن سعید صابق صدر شعبہ اردو بنگلور یونیورسٹی، ملنسار اطہر احمد موظف ڈائرکٹر آل انڈیا ریڈیو بنگلور، محمد محسن ایڈیشنل چیف سکریٹری محکمہ میڈیکل ایجوکیشن حکومت کرناٹک اور عبدالقدیر صدرنشین شاہین گروپ شامل تھے۔
Comments
Post a Comment