پروفیسر شاہ حسین نہری کے انتقال پر بیڑ میں تعزیتی نشست۔
بیڑ : 3 مئی 2026 (راست) پروفیسر سید شاہ حسین نہری کے سانحہ ارتحال پر تعزیتی نشست کا انعقاد کیا گیا ، جس میں علمی ، ادبی اور سماجی حلقوں سے وابستہ معزز شخصیات نے کثیر تعداد میں شرکت کی۔ اس موقع پر فضا سوگوار تھی اور ہر آنکھ اشکبار نظر آرہی تھی ، جب مقررین نے مرحوم کی یادوں کو تازہ کرتے ہوئے ان کی خدمات کو خراج عقیدت پیش کیا ۔ نشست میں ڈاکٹر محمد صفی انوری، ڈاکٹر محمد ناصر باغبان (اسسٹنٹ پروفیسر شعبہ اردو ملیہ سینئر کالج بیڑ)، قاضی مجیب الرحمٰن، قاضی مخدوم (مدیر اعلیٰ روز نامہ تعمیر)، شفیق ہاشمی ، ڈاکٹر محمد الیاس فاضل (پرنسپل، ملیہ سینئر کالج بیڑ) مہاراشٹر اردو ساہتیہ اکیڈمی ممبئی کے چیئر مین سید حسین اختر سمیت دیگر اہم شخصیات نے اپنے خیالات کا اظہار کیا۔ مقررین نے مرحوم سے اپنی والہانہ عقیدت اور دیرینہ تعلقات کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ وہ نہ صرف ایک مخلص استاد بلکہ ایک با کمال ادیب اور اردو زبان کے سچے خدمت گزار تھے۔ ان کی علمی وادبی خدمات ہمیشہ یاد رکھی جائیں گی اور ان کی کمی مدتوں محسوس کی جاتی رہے گی ۔ سید حسین اختر نے اپنے خطاب میں گہرے رنج والم کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ میرے مرحوم سے دیرینہ تعلقات تھے۔ وہ ایک بلند پایہ شاعر اور اونچی سوچ کے انسان تھے۔ ان کی شخصیت میں علم، وقار اور خلوص کا حسین امتزاج پایا جاتا تھا۔ ڈاکٹر محمد ناصر باغبان نے کہا پروفیسر شاہ حسین نہری سر ایک شفیق استاد بے مثال رباعی گو شاعر ہم سے رخصت ہوگئے۔ وہ ایک عہد ساز شخصیت اورنگ آباد میں اردو تہذیب کے معمار اور بلاشبہ ایک "لیجینڈ“ تھے۔ صدر جلسہ نے اپنے خطاب میں مرحوم کی ہمہ جہت شخصیت کو نہایت دلنشیں انداز میں پیش کیا۔ اس موقع پر مرحوم کے فرزند پروفیسر سید فرید احمد نہری نے نہایت جذباتی انداز میں اپنے والد مرحوم کی یادوں کو تازہ کیا۔ سر پرست اعلی محمد ابراہیم انوری نے دعاء کرائی، جس میں مرحوم کے درجات کی بلندی، مغفرت اور پسماندگان کے لیے صبر جمیل کی دعا کی گئی۔ آخر میں محمد اسلم انوری اور حضرت منصور شاہ گروپ آف اسکولز کی جانب سے تمام شرکاء کا شکریہ ادا کیا گیا ۔ نشست کی نظامت منہاج احمد خان نے انجام دی ۔
Comments
Post a Comment