اردو زبان و ادب کی ترویج میں ڈاکٹر چوبدار محمد شفیع عبد الستار کی خدمات - از قلم : محمود علی لیکچرر، ناندیڈ
اردو زبان و ادب کی ترویج میں ڈاکٹر چوبدار محمد شفیع عبد الستار کی خدمات
از قلم : محمود علی لیکچرر، ناندیڈ۔
8055402819
کسی بھی زبان کی ترقی میں ایسے افراد کا کردار نہایت اہم ہوتا ہے جو تدریس تحقیق صحافت اور ادبی سرگرمیوں کے ذریعے اس کے فروغ کے لیے مسلسل جدوجہد کرتے رہتے ہیں۔ شولاپور کی ادبی و تعلیمی فضا میں ڈاکٹر چوبدار محمد شفیع عبد الستار کا نام ایسے ہی ممتاز اہلِ علم میں شمار کیا جاتا ہے جنہوں نے اردو زبان و ادب کی خدمت کو اپنی زندگی کا مقصد بنایا۔
ڈاکٹر چوبدار محمد شفیع عبد الستار نہ صرف ایک ماہرِ تعلیم ہیں بلکہ ایک کامیاب محقق ادیب صحافی اور رہنما بھی ہیں۔ آپ ایس ایس اے آرٹس اینڈ کامرس کالج شولاپور میں شعبۂ اردو کے صدر (HOD) اور پی ایچ ڈی ریسرچ سینٹر کے کوآرڈینیٹر کی حیثیت سے خدمات انجام دے رہے ہیں۔ گزشتہ 26 سالہ تدریسی تجربے کے دوران آپ نے بے شمار طلبہ کی علمی و ادبی تربیت کی اور انہیں اردو زبان سے وابستہ کرنے میں اہم کردار ادا کیا۔
تعلیم کے میدان میں آپ کی خدمات صرف تدریس تک محدود نہیں رہیں بلکہ تحقیق کے شعبے میں بھی آپ کی نمایاں خدمات ہیں۔ بطور پی ایچ ڈی ریسرچ گائیڈ آپ کی نگرانی میں اب تک آٹھ طلبہ پی ایچ ڈی کی ڈگری حاصل کر چکے ہیں۔ یہ صرف ایک عدد نہیں بلکہ علمی دنیا میں ایسے چراغوں کی تعداد ہے جو آگے چل کر اردو ادب کی شمع کو روشن رکھیں گے۔
صحافت کے میدان میں بھی ڈاکٹر صاحب کی خدمات قابلِ ذکر ہیں۔ آپ صدائے مہاراشٹرا کے مدیر کی حیثیت سے اردو زبان اور اردو صحافت کے فروغ کے لیے مسلسل سرگرم ہیں۔ ایک اخبار صرف خبریں پہنچانے کا ذریعہ نہیں ہوتا بلکہ وہ سماجی شعور فکری بیداری اور زبان و ادب کے فروغ کا مؤثر وسیلہ بھی ہوتا ہے۔ ڈاکٹر صاحب نے اپنے اداریوں اور تحریروں کے ذریعے اردو زبان کے مسائل، تعلیمی موضوعات اور سماجی مسائل پر مدلل گفتگو کی ہے۔
مہاراشٹر جیسے کثیر لسانی خطے میں اردو زبان کو درپیش چیلنجز کے باوجود ڈاکٹر چوبدار محمد شفیع عبد الستار نے ثابت کیا کہ عزم محنت اور اخلاص سے زبان و ادب کی خدمت کی جا سکتی ہے۔ آپ کی علمی قابلیت، جس میں پی ایچ ڈی، نیٹ ایم ایچ سیٹ، ایم اے (اردو و فارسی)، بی ایڈ اور دیگر تعلیمی اسناد شامل ہیں، آپ کی علمی وسعت اور تحقیقی گہرائی کا ثبوت ہیں۔
صحافت اور تدریسی خدمات کے ساتھ ساتھ ڈاکٹر چوبدار محمد شفیع عبد الستار کی شخصیت کے مختلف پہلو بھی لوگوں کی توجہ کا مرکز رہے ہیں۔ مجھے میرے دوست اور سی ایچ بی پر معمور پروفیسر ڈاکٹر اظہر جو یشونت کالج ناندیڑ سے وابستہ ہیں، نے بتایا کہ ڈاکٹر صاحب کی شخصیت نہایت ملنسار انسان دوست اور خوش اخلاق ہے۔ سادگی ان کا خاصہ رہی ہے۔ وہ اپنے وسیع مطالعے علمی بصیرت اور معلومات کے خزانے کی وجہ سے گویا ایک چلتی پھرتی لائبریری سے کم نہیں۔ ان کی مجلس میں بیٹھنے والے افراد نہ صرف علمی فیض حاصل کرتے ہیں بلکہ ان کے اخلاق، خلوص اور سادہ مزاجی سے بھی متاثر ہوئے بغیر نہیں رہتے۔
راقم الحروف کی اگرچہ ڈاکٹر صاحب سے براہِ راست طویل ملاقاتوں یا قریبی تعلقات کا موقع نہیں ملا بلکہ کسی معتبر ذریعے سے صرف تعارف و شناسائی کی حد تک تعلق ہے، تاہم ان کی شخصیت، علمی مقام اور ادبی خدمات کے بارے میں جو تاثرات سننے کو ملے ہیں، وہ اس حقیقت کو واضح کرتے ہیں کہ وہ اردو زبان و ادب کے ایسے مخلص خادم ہیں جنہوں نے اپنی زندگی علم، تحقیق اور نئی نسل کی رہنمائی کے لیے وقف کر رکھی ہے۔
ایسے اہلِ علم معاشرے کے لیے قیمتی سرمایہ ہوتے ہیں۔ ڈاکٹر چوبدار محمد شفیع عبد الستار کی خدمات اردو زبان کے فروغ نئی نسل کی تربیت اور علمی شعور کی بیداری میں ہمیشہ یاد رکھی جائیں گی۔ امید ہے کہ آپ کی علمی و ادبی جدوجہد آنے والی نسلوں کے لیے مشعلِ راہ ثابت ہوگی۔
Comments
Post a Comment