ہم نشیں ویلفیئر فاؤنڈیشن کے زیرِ اہتمام ماہانہ ادبی نشست۔


 بروز منگل، 5, اپریل کو عرفہ گارڈن میں نہایت شاندار اور بامقصد انداز میں منعقد ہوئی۔ اس روح پرور ادبی محفل کی صدارت سرفراز مرمکر صاحب( ہیڈ ماسٹر صغریٰ بی بی یوسف رئیس ہائی اسکول تلولی ) نے کی، جب کہ افتتاحی کلمات پیش کرنے کی سعادت مومن صوفیہ صاحبہ کے حصے میں آئی۔
نشست میں شعرا اور اہلِ قلم نے بھرپور شرکت کی، جن میں فیضان احمد شوقی صاحب، آفتاب عالم عافی صاحب، ریاض عاصی صاحب،ڈاکٹر اعجاز احمد اعزاز اور افسانہ نگار محتشم اکبر صاحب نے شرکت کی۔ ان شخصیات نے اپنے منفرد اسلوب اور فکری گہرائی کے حامل کلام کے ذریعے محفل کو چار چاند لگا دیے۔ شرکاء نے اپنے کلام میں عصری مسائل، انسانی جذبات اور معاشرتی رویّوں کی عکاسی نہایت مؤثر انداز میں پیش کی، جسے سامعین نے بے حد سراہا۔ افسانہ نگار محتشم اکبر صاحب نے افسانہ بس اسٹاپ دلنشیں پیرائے میں بیان کیا، جس نے حاضرین کو ہمہ تن گوش رہنے پر آمادہ کیا۔ اسی طرح ڈاکٹر اعجاز احمد اعزاز نے نہ صرف اپنا معیاری کلام پیش کیا بلکہ رفیع انصاری صاحب پر ایک جامع اور اثر انگیز خاکہ بھی سنایا، جس میں ان کی شخصیت کے مختلف پہلوؤں کو خوبصورت انداز میں اجاگر کیا گیا۔
تقریب کے دوران شرکاء نے اپنی شعری اور نثری تخلیقات کے ذریعے سامعین کو محظوظ کیا، جبکہ حاضرین نے بھرپور داد و تحسین سے ان کی حوصلہ افزائی کی۔ مومن صوفیہ صاحبہ نے اپنے افتتاحی خطاب میں مختلف مثالوں کے ذریعے تخلیقی ادب کی اہمیت، اس کے فکری پہلوؤں اور عصری تقاضوں پر سیر حاصل روشنی ڈالی۔
تقریب کے کنوینر و صدر ہم نشیں عامر قریشی نے تمام شرکاء کی ادبی کاوشوں کو سراہتے ہوئے اس عزم کا اظہار کیا کہ ایسی بامعنی ادبی نشستوں کا سلسلہ آئندہ بھی جاری رکھا جائے گا تاکہ ادب کو مزید فروغ حاصل ہو۔ صدرِ محفل سرفراز مرمکر صاحب نے اپنے صدارتی خطاب میں اہلِ قلم کی کاوشوں کو خراجِ تحسین پیش کرتے ہوئے انہیں مستقل مزاجی اور سنجیدگی کے ساتھ ادبی سفر جاری رکھنے کی تلقین کی۔
آخر میں ہم نشیں کی رکن مومن شمشاد صاحبہ نے رسمِ شکریہ نہایت خوبصورتی سے ادا کی، جس کے ساتھ یہ کامیاب اور یادگار ادبی نشست اپنے اختتام کو پہنچی۔ اس ادبی تقریب کی کامیاب نظامت جنید شیخ نے خوش اسلوبی سے انجام دی.

Comments

Popular posts from this blog

پانگل جونیئر کالج میں نیٹ, جی میں کامیاب طلباء کا استقبال۔

شمع اردو اسکول سولاپور میں کھیلوں کے ہفتہ کا افتتاح اور پی۔ایچ۔ڈی۔ ایوارڈ یافتہ خاتون محترمہ نکہت شیخ کی گلپوشہ

رتن نیدھی چیریٹیبل ٹرسٹ ممبئی کی جانب سے بیگم قمر النساء کاریگر گرلز ہائی اسکول اینڈ جونیئر کالج کو سو کتابوں کا تحفہ۔