ڈاکٹر بابا صاحب امبیڈکر مراٹھواڑہ یونیورسٹی کے شعبہ اردو میں الوداعی تقریب کا انعقاد۔طلبہ کو مستقبل میں ہر ممکن تعاون شعبہ اردو کی جانب سے دیا جایگا : پروفیسر کیرتی مالنی جاولے۔
اورنگ آباد (راست) ڈاکٹر بابا صاحب امبیڈکر مراٹھواڑہ یونیورسٹی کے شعبہ اردو میں تعلیمی سال کے اختتام پر ایک پروقار الوداعی تقریب کا انعقاد عمل میں آیا۔ اس تقریب کی صدارت صدرِ شعبہ اردو پروفیسر کیرتی مالنی جاولےنے فرمائی، جبکہ مہمان خصوصی کے طور پر پروفیسر آصف زکریا ( پرنسپل چشتیہ کالج خلد آباد) پروفیسر مقبول سیلم ( صدر شعبہ اردو نیک نور کالج ) پروفیسر عالیہ کوثر( صدر شعبہ اردو راشٹریہ ماتہ کالج جالنہ ) پروفیسر قاضی نوید احمد صدیقی ( صدر شعبہ اردو مولانا آزاد کالج) اور شعبے کے اساتذہ اور طلبہ کی بڑی تعداد نے اس میں شرکت کی۔
تقریب کا باقاعدہ آغاز ایم اے سالِ اول کے طالب علم شیخ محسن کی تلاوتِ کلامِ پاک سے ہوا۔ اس کے بعد سالِ اول کے طالب علم شیخ عرفان ندوی اور سالِ دوم کے طالب علم شیخ عبد الغفار نے نہایت ہی خوبصورت انداز میں بارگاہِ رسالت ﷺ میں نعتِ پاک کا نذرانہ پیش کیا۔
اظہارِ خیال کے سیشن میں طلبہ نے اپنے گزرے ہوئے تعلیمی ایام کی یادیں تازہ کیں اور اساتذہ کی شفقتوں کا اعتراف کیا۔ سالِ اول کی جانب سے خان خنسہ مہرین اور شیخ صابر مختارنے اپنے تاثرات پیش کیے، جبکہ سالِ دوم کے طلبہ میں قاضی محمد عاطف شیخ عبدالغفار اور عننیزہ بیگم نے سال دوم کے طالبات کی جانب سے اپنے خیالات کا اظہار کیا اور سال اول کے طلبہ و طالبات کے لیے نیک خواہشات کا اظہار کیا۔
صدرِ شعبہ پروفیسر کیرتی مالنی جاولے نے اپنے صدارتی خطاب میں طلبہ کی تعلیمی کارکردگی کو سراہا اور انہیں مستقبل کے چیلنجز کے لیے تیار رہنے کی تلقین کی اور کہا کہ شعبہ اردو آنے والے دنوں میں پھر سے تحقیق کے میدان میں آپ کا استقبال کریگا۔ انہوں نے فارغ التحصیل ہونے والے طلبہ کو یقین دلایا کہ شعبہ اردو ان کی علمی ترقی اور رہنمائی کے لیے مستقبل میں بھی ہمیشہ دستیاب رہے گا اور ہر ممکن مدد فراہم کرے گا۔
پروگرام کی نظامت کے فرائض سالِ اول کی طالبہ نمیرہ فاطمہ نے اپنے منفرد اور خوبصورت انداز میں انجام دیے۔ تقریب کے اختتام پر ڈاکٹر شیخ اصغر (اسسٹنٹ پروفیسر، شعبہ اردو) نے تمام مہمانوں، اساتذہ اور طلبہ کا شکریہ ادا کیا جس کے بعد یہ یادگار تقریب اختتام پذیر ہوئی۔
Comments
Post a Comment