کرناٹک یونیورسٹی انٹر زونل کبڈی ٹورنامنٹ کی شاندار افتتاحی تقریب۔ انجمن آرٹس، سائنس، کامرس کالج و پی جی اسٹڈیز دھارواڑ میں کھیلوں کے جذبے کو فروغ دینے کا عزم۔
کرناٹک یونیورسٹی انٹر زونل کبڈی ٹورنامنٹ کی شاندار افتتاحی تقریب۔
انجمن آرٹس، سائنس، کامرس کالج و پی جی اسٹڈیز دھارواڑ میں کھیلوں کے جذبے کو فروغ دینے کا عزم۔
دھارواڑ،13مئی: (راست) کرناٹک یونیورسٹی، دھارواڑ کے زیرِ اہتمام منعقدہ انٹر زونل کبڈی ٹورنامنٹ فار مین 26-2025کی پُروقار افتتاحی تقریب انجمنِ اسلام کے زیرِ انتظام انجمن آرٹس، سائنس، کامرس کالج اینڈ پی جی اسٹڈیز، دھارواڑ کے وسیع و خوبصورت کیمپس میں نہایت شان و شوکت کے ساتھ منعقد ہوئی۔ افتتاحی تقریب کے مہمانِ خصوصی ڈاکٹر ایشور۔ ای۔ انگڑی ، بین الاقوامی کبڈی کوچ نے اپنے خطاب میں کہا کہ کھیل صرف جسمانی سرگرمی نہیں بلکہ شخصیت سازی اور قیادت پیدا کرنے کا مؤثر ذریعہ ہیں۔ انہوں نے طلبہ پر زور دیا کہ وہ تعلیمی سرگرمیوں کے ساتھ ساتھ کھیل کے میدان میں بھی نمایاں کامیابیاں حاصل کریں۔ خصوصی مدعو جناب ذوالفقار علی میدلری،فاریسٹ آفیسر، قومی سطح کے کبڈی کھلاڑی اورانجمن کے سابق طالب علم نے سابق پرنسپل مرحوم ڈاکٹرایم بی دلشادکو خراجِ عقیدت پیش کرتے ہوئے کہا کہ کبڈی کے میدان میں میری حوصلہ افزائی میں ان کا اہم کردار رہا ہے۔ انہوں نے مجھے تعلیم کے ساتھ ساتھ کھیلوں میں بھی سرگرم حصہ لینے کی ترغیب دی۔ آج میں جس مقام پر ہوں اور محکمۂ جنگلات (فاریسٹ ڈپارٹمنٹ) میں میری تقرری ہوئی ہے، وہ انہی کی رہنمائی، حوصلہ افزائی اور تربیت کا نتیجہ ہے۔ڈاکٹرایشور انگڑی سر بھی میرے کوچ رہے ہیں آج ایک ہی اسٹیج پر استاد اور شاگرد مہمان بن کربیٹھے ہیں یہ لمحہ میرے لئے باعث فخر ہےانہوں نے نوجوان کھلاڑیوں کو محنت، لگن اور مستقل مزاجی کے ذریعے قومی و بین الاقوامی سطح تک پہنچنے کی تلقین کی۔ تقریب کی صدارت انجمنِ اسلام دھارواڑ کے نائب صدر الحاج بشیر احمد اے۔ جہاگیردار نے کی۔ اپنے صدارتی خطاب میں انہوں نے کہا کہ انجمنِ اسلام ہمیشہ سے تعلیمی و ہم نصابی سرگرمیوں کو یکساں اہمیت دیتا آیا ہے اور طلبہ کی ہمہ جہت ترقی ادارے کی اولین ترجیح ہے۔ تقریب کا آغاز بی ایس سی کی طالبہ رابیعہ بالکائی کی تلاوتِ کلامِ پاک سے ہوا،بی اے کے طالب علم متوراج وڈر نے شلوک پڑھے ۔ڈاکٹربی بی عائشہ چکولی چیرپرسن جمخانہ اکٹیویٹیز نےاستقبالیہ کلمات اداکئےڈاکٹر ایس کے جادھو نے نظامت کے فرائض انجام دئے۔ڈاکٹرگوری نے مہمانِ خصوصی کا تعارف پیش کیا۔ڈاکٹر سید تاج النساء نے ہدیہ تشکر ادا کیا،اس پروگرام میں ڈاکٹر قدیر ناظم سرگروہ،سیکریٹری انجمنِ اسلام دھارواڑ،ایجوکیشن بورڈ رکن عبدالعزیز بڑبڑے،ڈاکٹر اسماءناز بلاری ،سابق پرنسپل پروفیسرآئی اے ملا،جناب آر آئی یکونڈی موجود تھے پروگرام کی کامیاب تنظیم میں کالج کے پرنسپل ڈاکٹر این۔ بی۔ نالتواڈ ،فزیکل ایجوکیشن ڈائرکٹر اسماعیل کوٹیکل اور چیرپرسن جمخانہ ایکٹیویٹیز ڈاکٹر بی بی عائشہ چکولی کی خدمات قابلِ ستائش رہیں۔ افتتاحی تقریب کے اختتام پر مختلف زونز سے شریک ٹیموں کا تعارف پیش کیا گیا اور کھیلوں کے باقاعدہ مقابلوں کا آغاز جوش و خروش کے ماحول میں ہوا۔ تقریب میں موجود حاضرین نے منتظمین کی عمدہ میزبانی اور شاندار انتظامات کو بھرپور سراہا۔ اس اہم کھیل مقابلے کے انعقاد کو نوجوانوں میں جسمانی صحت، نظم و ضبط، اتحاد اور اسپورٹس مین اسپرٹ کے فروغ کی ایک مثبت کوشش قرار دیا گیا۔ اس موقع پر طلبہ، اساتذہ، کھیلوں سے وابستہ شخصیات اور معزز مہمانوں کی بڑی تعداد موجود تھی۔ انٹر زونل کبڈی ٹورنامنٹ کی اختتامی تقریب اور تقسیمِ انعامات:-اختتامی تقریب اور تقسیمِ انعامات کی تقریب نہایت شاندار اور پُروقار انداز میں انجمن کیمپس میں منعقد ہوئی۔ مہمانِ خصوصی ڈاکٹربھارتی گانگیر،کوآرڈینیٹڑآف فزیکل ایجوکیشن اینڈ اسپورٹس کرناٹک یونیورسٹی دھارواڑنے اپنے خطاب میں کہا کہ کھیل نوجوانوں میں خود اعتمادی، قائدانہ صلاحیت اور نظم و ضبط پیدا کرتے ہیں۔ انہوں نے کامیاب ٹورنامنٹ کے انعقاد پر منتظمین کو مبارکباد پیش کرتے ہوئے کہا کہ اس نوعیت کے بین الجامعاتی مقابلے طلبہ کے اندر مثبت مسابقت کو فروغ دیتے ہیں۔تقریب کی صدارت انجمنِ اسلام دھارواڑ کے ایجوکیشن بورڈ رکن جناب یاسین ہاویری پیٹ نےاپنے صدارتی خطاب میں کہا کہ کھیل انسانی زندگی میں اتحاد، بھائی چارگی اور برداشت جیسے اوصاف پیدا کرتے ہیں، اور طلبہ کو چاہیے کہ وہ تعلیم کے ساتھ کھیلوں میں بھی سرگرم حصہ لیں۔ پرنسپل ڈاکٹر این۔ بی۔نالتواڈنے تمام مہمانوں، کھلاڑیوں، کوچس اور منتظمین کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ اس کامیاب ٹورنامنٹ نے ادارے کی کھیلوں سے وابستگی کو مزید مستحکم کیا ہے۔ ٹورنامنٹ کے دوران مختلف زونز کی ٹیموں کے درمیان سنسنی خیز اور دلچسپ مقابلے دیکھنے کو ملے، جنہیں حاضرین نے بے حد سراہا۔ کامیاب کھلاڑیوں اور نمایاں کارکردگی پیش کرنے والی ٹیموں کو ٹرافی، میڈلس اور اسناد سے نوازا گیا۔ انعامات کی تقسیم کے دوران طلبہ اور کھلاڑیوں میں زبردست جوش و خروش پایا گیا۔انٹر زونل کبڈی ٹورنامنٹ میں پہلا مقام کرناٹک یونیورسٹی کی ٹیم نے حاصل کیا، جبکہ دوسرا مقام شواجی ڈگری کالج کی ٹیم کے حصے میں آیا۔ اسی طرح سرسی گورنمنٹ کالج کی ٹیم نے شاندار کارکردگی کا مظاہرہ کرتے ہوئے تیسرا مقام حاصل کیا۔اس پروگرام کو کامیاب بنانے میں کالج مینجمنٹ، پرنسپل، اساتذہ، طلبہ و طالبات اور معاون عملے کا بھرپور تعاون رہا، جن کی مشترکہ کوششوں سے یہ ٹورنامنٹ کامیابی کے ساتھ اختتام پذیر ہوا۔تقریب کا اختتام قومی یکجہتی، کھیل دوستی اور مستقبل میں مزید بڑے اسپورٹس ایونٹس کے عزم کے ساتھ ہوا۔(رپورٹ: ڈاکٹر بی بی عائشہ چکولی،انجمن ڈگری کالج ،دھارواڑ،کرناٹک )
Comments
Post a Comment