جلگاؤں ؛ انتظامیہ منظور شدہ جانوروں کی آمد و رفت پر عوامی رہنمائی کرے مطالبہ۔


جلگاؤں : (عقیل خان بیاولی)۔ جانوروں کی ٹرانسپورٹ کے نام پر بڑھتے ہوئے سماجی تناؤ، افواہوں اور قانون کو ہاتھ میں لینے کے واقعات پر شدید تشویش ظاہر کرتے ہوئے تنظیم ایکتا سنگھٹن کے کوآرڈینیٹر فاروق شیخ کی قیادت میں ایک وفد نے ضلع ایڈیشنل سپرنٹنڈنٹ آف پولیس سندیپ گاویت کو ایک تحریری محضر پیش کی۔ وفد میں حافظ عبد الرحیم پٹیل، ضیاء باغبان، متین پٹیل، عارف دیشمکھ اور عبدالرزاق پٹیل شامل تھے۔ محضر میں واضح طور پر کہا گیا کہ مہاراشٹر کے قانون کے مطابق گاۓ نسل کی قربانی اور اس کی ٹرانسپورٹ قانونی طور پر ممنوع ہے، لہٰذا مسلم سماج کو بھی قانون کا احترام کرتے ہوئے ایسے معاملات سے دور رہنا چاہیے۔ تاہم وفد نے اس بات کی بھی وضاحت کی کہ مہاراشٹر میں رائج قوانین کے تحت بھینس اور نر پاڑے کی قربانی کے لیے مطلوبہ سرکاری دستاویزات اور قانونی ضوابط کے مطابق ٹرانسپورٹ مکمل طور پر جائز اور قانونی ہے، اس لیے سماج میں خوف و ہراس یا غلط فہمیاں پھیلانے والی افواہوں پر توجہ نہ دی جائے۔
وفد نے 24 مئی کو فیض پور پولیس اسٹیشن میں درج کیے گئے ایک مقدمے کا حوالہ دیتے ہوئے کہا کہ مذکورہ کارروائی گاڑی میں گنجائش سے زیادہ بھینسیں بھرنے اور اوورلوڈنگ کے سبب کی گئی تھی، لیکن سوشل میڈیا پر یہ افواہ پھیلائی گئی کہ بھینس کی قربانی پر بھی پابندی عائد کر دی گئی ہے، جس کے باعث مسلم سماج میں خوف اور تشویش کی فضا پیدا ہو گئی۔ایکتا سنگھٹن نے ایڈیشنل ایس پی سے مطالبہ کیا کہ ضلع میں ایک واضح ایس او پی جاری کی جائے، جس کے ذریعے عوام کو بتایا جائے کہ کون سی ٹرانسپورٹ قانونی ہے، کن دستاویزات کی ضرورت ہوتی ہے اور کن حالات میں کارروائی کی جاتی ہے، تاکہ افواہوں کا سدباب ہو سکے۔ اس موقع پر ایڈیشنل سپرنٹنڈنٹ آف پولیس سندیپ گاویت نے بھی واضح کیا کہ بھینس کی قربانی پر کسی قسم کی پابندی نہیں ہے، اور قانون کے دائرے میں رہتے ہوئے کی جانے والی ٹرانسپورٹ اور قربانی پر پولیس کوئی رکاوٹ نہیں ڈالے گی۔ انہوں نے سماج سے امن و امان برقرار رکھنے اور قانون کی پابندی کرنے کی اپیل بھی کی۔ آخر میں ایکتا سنگھٹن نے مسلم سماج سے اپیل کی کہ وہ خوف اور افواہوں سے نکل کر قانون پر عمل کرتے ہوئے امن، بھائی چارے اور ذمہ داری کے ساتھ بکری، بھینس اور پاڑے کی قربانی انجام دیں اور کسی بھی بے بنیاد افواہ پر یقین نہ کریں۔

Comments

Popular posts from this blog

پانگل جونیئر کالج میں نیٹ, جی میں کامیاب طلباء کا استقبال۔

شمع اردو اسکول سولاپور میں کھیلوں کے ہفتہ کا افتتاح اور پی۔ایچ۔ڈی۔ ایوارڈ یافتہ خاتون محترمہ نکہت شیخ کی گلپوشہ

رتن نیدھی چیریٹیبل ٹرسٹ ممبئی کی جانب سے بیگم قمر النساء کاریگر گرلز ہائی اسکول اینڈ جونیئر کالج کو سو کتابوں کا تحفہ۔