اردو زبان ہماری تہذیبی شناخت ہے... اردو سیکھیں اور دوسروں کو بھی سکھائیں....الحاج این ایم ڈی فاروق صاحب، وزیر اقلیتی فلاح و بہبود۔
اردو زبان ہماری تہذیبی شناخت ہے...
اردو سیکھیں اور دوسروں کو بھی سکھائیں....
الحاج این ایم ڈی فاروق صاحب، وزیر اقلیتی فلاح و بہبود۔
آندھراپردیش (راست) اردو اکیڈمی کے چیئرمین محترم فاروق شبلی کی صدارت میں آج بروز اتوار صبح گیارہ بجے وزیر اقلیتی فلاح و بہبود الحاج این ایم ڈی فاروق صاحب کے ہاتھوں مقامی ٹی. ڈی. پی دفتر میں بروز اتوار کی صبح گیارہ بجے اردو سیکھنے کے امیدواروں میں اردو اکیڈمی کی جانب سے طبع شدہ "آؤ اردو سیکھیں" کتابیں مفت تقسیم کی گئیں۔*
اس دوران اپنے خطاب میں فاروق شبلی نے بتایا کہ رواں موسم گرما میں ریاستی سطح پر مختلف شہروں میں اردو اکیڈمی کی جانب سے "آؤ اردو سیکھیں" کے عنوان سے مفت اردو سیکھنے کے مواقع فراہم کیے گئے ہیں۔ اسی سلسلے میں شہر نندیال میں نزد مولانا ابوالکلام آزاد فنکشن ہال، نبی نگر اور کانالا، ایلور، گاجولہ پلی میں "آؤ اردو سیکھیں" کلاسز کا اہتمام کیا گیا ہے۔
انہوں نے مولانا آزاد نیشنل اردو یونیورسٹی حیدرآباد اور ڈاکٹر عبدالحق اردو یونیورسٹی کرنول کے قیام کا ذکر کیا اور چندرا بابو نائیڈو کی اردو خدمات پر انہیں "محسنِ اردو" قرار دیا۔
وزیر اقلیتی فلاح و بہبود الحاج این ایم ڈی فاروق نے اپنے خطاب میں کہا کہ اردو زبان ہمارا تہذیبی ورثہ ہے اور تہذیب کی عکاسی کرتی ہے۔ جس نے اردو سیکھی وہ دینی معلومات سے خود بھی واقفیت حاصل کر سکتا ہے۔ انہوں نے وقف بورڈ کے تعلیمی پروگرام "تعلیم ہنر" سے مسلم طلبہ کو استفادہ کرنے کی تلقین کی۔
اس موقع پر مقامی متحرک اردو شخصیت اور اردو اکیڈمی لٹریری کمیٹی کے رکن سی عبدالعزیز کی خدمات کو سراہا گیا۔
اس محفل میں ٹی ڈی پی کے سینئر قائد و معروف ڈاکٹر بابن صاحب، مجلس العلماء و ائمہ نندیال ڈسٹرکٹ صدر حافظ امجد باشاہ صدیقی، آندھراپردیش اردو ٹیچرس ایسوسی ایشن ڈسٹرکٹ صدر شمیم بانو، ڈسٹرکٹ قائد مختار باشاہ، سمگرا شکشا عربک مدارس تنظیم کی قائدین پروین باجی، میمونہ باجی، اردو سی آر پی نواز باشاہ اور بڑی تعداد میں اردو سیکھنے والے طلبہ شریک ہوئے۔
Comments
Post a Comment