نیشنل اُردو ہائی اسکول، کوسہ ممبرا کا شاندار ایس۔ایس۔سی نتیجہ - 98 فیصد کامیابی، 24 طلبہ نے 80 فیصد سے زائد نمبرات حاصل کئے۔
ممبرا؍ (نامہ نگار): المعروف تعلیمی ادارہ نیشنل اُردو ہائی اسکول، الماس کالونی، کوسہ ممبرا نے ایس۔ایس۔سی امتحان 2025-26 میں شاندار کامیابی حاصل کرتے ہوئے 98 فیصد نتیجہ درج کیا ہے۔ اسکول کے اس قابلِ فخر نتیجہ پر طلبہ، اساتذہ، سرپرستوں اور علاقۂ ممبرا میں خوشی کی لہر دوڑ گئی ہے۔
اس سال اسکول کے 110 طلبہ و طالبات امتحان میں شریک ہوئے، جن میں 24 طلبہ نے ڈسٹنکشن، 45 نے فرسٹ کلاس جبکہ 36 طلبہ نے سیکنڈ کلاس میں کامیابی حاصل کی۔ خصوصاً 24 طلبہ نے 80 فیصد سے زائد نمبرات حاصل کرکے اسکول کا نام روشن کیا۔
اسکول کی ہونہار طالبہ خان زینب خاتون مقصود احمد نے 89 فیصد نمبرات حاصل کرکے اول مقام حاصل کیا، جبکہ خان ذکرٰی صدف مقیم نے 88 فیصد کے ساتھ دوم اور وسیمہ صدف عبدالوہاب نے 86 فیصد نمبرات کے ساتھ سوم مقام حاصل کیا۔ اس کے علاوہ دیگر طلبہ نے بھی نمایاں کارکردگی کا مظاہرہ کرتے ہوئے تعلیمی میدان میں اپنی صلاحیتوں کا لوہا منوایا۔
اس موقع پر اسکول انتظامیہ نے کامیاب طلبہ، والدین اور اساتذہ کو مبارکباد پیش کرتے ہوئے کہا کہ مسلسل محنت، معیاری تدریس، منظم تعلیمی منصوبہ بندی اور اساتذہ کی خصوصی رہنمائی کے نتیجہ میں یہ تاریخی کامیابی حاصل ہوئی ہے۔ انتظامیہ نے اس عزم کا اظہار کیا کہ مستقبل میں بھی ادارہ اسی جذبہ اور لگن کے ساتھ قوم کے بچوں کو معیاری تعلیم فراہم کرتا رہے گا۔
علاقہ کے معززین، سماجی کارکنان اور سرپرستوں نے بھی اسکول کے اس شاندار نتیجہ پر خوشی کا اظہار کرتے ہوئے ادارہ کی تعلیمی خدمات کو سراہا ہے۔
Comments
Post a Comment