ایچ ایس سی رزلٹ 2026: امڑاپور کے سر سید احمد خان اردو جونیئر کالج کے شاہینوں کی بلند پرواز - شعبہ آرٹس کی طالبات کا مثالی معرکہ، صدرِ ادارہ شیخ اعظم اور پرنسپل شیخ ظفر پٹیل کا اساتذہ کی علمی خدمات کو والہانہ خراجِ تحسین۔
امڑاپور (نامہ نگار: شعیب اللہ خان): امڑاپور کی مایہ ناز تعلیمی درسگاہ سر سید احمد خان اردو جونیئر کالج آف آرٹس اینڈ سائنس نے فروری 2026 کے بارہویں بورڈ امتحانات میں کامیابی کی نئی تاریخ رقم کر دی ہے، جہاں مہاراشٹر اسٹیٹ بورڈ کے انتہائی سخت قوانین، سی سی ٹی وی کیمروں کی ہمہ وقت نگرانی اور شفافیت پر مبنی "کاپی مکت" مہم کے باوجود ادارے کے مجموعی نتیجے نے 98.46 فیصد کی بلندیوں کو چھو لیا ہے، اس سال بالخصوص شعبہ آرٹس کی طالبات نے اپنی غیر معمولی علمی صلاحیتوں کا لوہا منواتے ہوئے 94.24 فیصد جیسا شاندار رزلٹ پیش کیا جس میں سمرین صبا شیخ واحد نے 74 فیصد نمبرات کے ساتھ کالج میں اول مقام حاصل کر کے وقار میں اضافہ کیا، جبکہ ثانیہ پروین شیخ آصف نے 73.50 فیصد کے ساتھ دوسری، اشمیرا کشف شیخ یونس نے 73.33 فیصد کے ساتھ تیسری، محمد رشید محمد مجیب نے 72.17 فیصد کے ساتھ چوتھی اور شیخ علیزہ عبدالرشید نے 71.17 فیصد نمبرات حاصل کر کے ثابت کر دیا کہ اگر عزم بلند ہو تو کوئی بھی رکاوٹ آڑے نہیں آتی، دوسری جانب شعبہ سائنس نے اپنی روایتی برتری برقرار رکھتے ہوئے سو فیصد (100%) رزلٹ حاصل کیا جس میں جویریہ ماہین شیخ جمیل نے 85.83 فیصد کے ساتھ پہلی، عفیفہ انعم عتیق احمد نے 81 فیصد کے ساتھ دوسری اور نور جہاں بی شیخ صابر نے 74.50 فیصد کے ساتھ تیسری پوزیشن حاصل کی جبکہ الفیا ناز رفیق شاہ اور نمیرہ انعم عبدالعباس نے بھی نمایاں کامیابی سمیٹی، اس فقید المثال کامیابی پر الفلاح ایجوکیشنل ملٹی پرپز اینڈ ویلفیئر سوسائٹی کے صدر محترم شیخ اعظم صاحب اور کالج کے پرنسپل شیخ ظفر پٹیل سر نے بے پناہ خوشی کا اظہار کرتے ہوئے اس فتح کا سہرا اساتذہ کے سر باندھا، صدر شیخ اعظم صاحب نے اپنے تہنیتی خطاب میں کہا کہ "ہمارا ایک ہی مشن 'کوالٹی ایجوکیشن' ہے اور کڑے امتحانی ماحول میں یہ کامیابی ہمارے مخلص اساتذہ کی سال بھر کی شبانہ روز محنت اور تعلیمی معیار پر سمجھوتہ نہ کرنے کی پالیسی کا ثمر ہے"، پرنسپل شیخ ظفر پٹیل سر نے اساتذہ کو ادارے کا اصل اثاثہ اور ستون قرار دیتے ہوئے کہا کہ "ہمارے اساتذہ کی علمی رہنمائی اور طالبات کی مستقل مزاجی نے اس کٹھن امتحان کو ایک یادگار فتح میں بدل دیا ہے"، انتظامیہ کی جانب سے تمام اساتذہ، غیر تدریسی عملے، کامیاب طلبہ اور ان کے والدین کو دلی مبارکباد پیش کی گئی ہے جس پر پورے امڑاپور علاقے میں فخر اور مسرت کا ماحول دیدنی ہے۔
Comments
Post a Comment