پانی کی قدر و قیمت سے آشنائی۔۔اقرا بورنار کے طلبہ کا دہی گاؤں بند کا مطالعاتی دورہ۔۔


بورنار (نامہ نگار) : اقرا ایجوکیشن سوسائٹی کے زیرِ اہتمام قصبہ بورنار میں واقع عبدالمجید سالار اقرا اردو ہائی اسکول بورنار کے پنجم تا دہم جماعت کے تمام طلبہ کی ایک معلوماتی و تعلیمی علاقائی سیر کامیابی کے ساتھ منعقد ہوئی۔ اس تعلیمی سیر کا بنیادی مقصد طلبہ میں قدرتی وسائل بالخصوص پانی کی اہمیت کے تعلق سے شعور بیدار کرنا تھا۔
اس موقع پر طلبہ نے گاؤں کے قریب واقع گرنا ندی پر دہی گاؤں بند کا مطالعاتی دورہ کیا، جہاں انہیں بند کی ساخت، اس کے قیام کے مقاصد، پانی کے ذخیرے، آبپاشی کے نظام اور مقامی ضروریات میں اس کے کردار سے متعلق تفصیلی معلومات فراہم کی گئیں۔ اس دوران طلبہ کو یہ بھی سمجھایا گیا کہ پانی انسانی زندگی، زراعت اور ماحولیاتی توازن کے لیے کس قدر ناگزیر ہے۔
اس تعلیمی سیر کی منصوبہ بندی اور کامیاب انعقاد میں ٹرپ انچارج مظہر خان، جواد انجم اور فیروز خان نے منظم اور ذمہ دارانہ کردار ادا کیا۔ ساتھ ہی دیگر اساتذہ میں شیخ روشن، شیخ امیر، شیخ عابد اور شیخ صادق کا بھرپور تعاون حاصل رہا، جس کے باعث یہ سیر نہایت خوش اسلوبی سے اختتام پذیر ہوئی۔
یہ تعلیمی سرگرمی اسکول کے انچارج و صدر مدرس عارف خان سر کی رہنمائی اور سرپرستی میں منعقد کی گئی، جن کی قیادت میں طلبہ کو درسی تعلیم کے ساتھ ساتھ عملی مشاہدے کے مواقع فراہم کیے جا رہے ہیں۔
طلبہ نے اس مطالعاتی دورے کو نہایت مفید اور معلوماتی قرار دیا اور مستقبل میں بھی اس نوعیت کی تعلیمی سرگرمیوں کے انعقاد کی خواہش ظاہر کی۔ اس طرح کی سیر و مطالعاتی سرگرمیاں طلبہ کی ہمہ جہت نشوونما میں اہم کردار ادا کرتی ہیں۔

Comments

Popular posts from this blog

پانگل جونیئر کالج میں نیٹ, جی میں کامیاب طلباء کا استقبال۔

رتن نیدھی چیریٹیبل ٹرسٹ ممبئی کی جانب سے بیگم قمر النساء کاریگر گرلز ہائی اسکول اینڈ جونیئر کالج کو سو کتابوں کا تحفہ۔

شمع اردو اسکول سولاپور میں کھیلوں کے ہفتہ کا افتتاح اور پی۔ایچ۔ڈی۔ ایوارڈ یافتہ خاتون محترمہ نکہت شیخ کی گلپوشہ