آج ڈاکٹر معین امر بمبو کے مزاحیہ شعری مجموعہ کی رسمِ اجرا و مشاعرہ۔


حیدرآباد: (راست) فالس پیراڈائز کلچرل سوسائٹی کے زیرِ اہتمام طنز و مزاح کے ممتاز شاعر ڈاکٹر معین امر بمبو کے مزاحیہ شعری مجموعہ "بیگن کی شاعری" کی تقریبِ رسمِ اجرا، انشائیہ خوانی اور مزاحیہ مشاعرہ بروز ہفتہ، 18 جولائی، شام 6:00 بجے، اردو ہال، حمایت نگر میں منعقد ہوگا۔

چونکہ حیدرآبادی زبان میں لفظ "بیگن" کثیرالجہت معنوں میں استعمال ہوتا ہے، اسی مناسبت سے ڈاکٹر معین امر بمبو نے اپنے شعری مجموعہ کا نام "بیگن کی شاعری" رکھا ہے۔

تقریب کی صدارت پروفیسر ایس۔ اے۔ شکور، ڈائریکٹر دائرۃ المعارف، جامعہ عثمانیہ، کریں گے۔ جبکہ پروفیسر مجید بیدار (سابق صدر شعبۂ اردو، جامعہ عثمانیہ)، مشتاق احمد سہروردی (جوائنٹ ایڈیٹر، کے بی این ٹائمز، گلبرگہ)، سندر مالیگاؤں (مالیگاؤں) اور تمیز احمد پرواز (ناندیڑ) بحیثیتِ مہمانانِ خصوصی شرکت کریں گے۔

پروگرام کا آغاز ڈاکٹر معین امر بمبو کی خیرمقدمی تقریر سے ہوگا۔ جناب کریم الدین محمد شاعر کا تعارف پیش کریں گے، جبکہ نجیب احمد نجیب کتاب پر تبصرہ کریں گے۔ مشتاق احمد سہروردی (گلبرگہ) اور ڈاکٹر جاوید کمال، مدیر ریختہ نامہ، انشائیے پیش کریں گے۔ نظامت کے فرائض ڈاکٹر جاوید کمال انجام دیں گے۔

بعد ازاں شاندار مزاحیہ مشاعرہ منعقد ہوگا، جس میں بیرونی ریاستوں اور حیدرآباد کے ممتاز طنز و مزاح کے شعرا اپنا کلام پیش کریں گے۔ ان میں سندر مالیگاؤں، تمیز احمد پرواز، شاہد عدیلی، فرید سحر، وحید پاشاہ قادری، ڈاکٹر معین امر بمبو، لطیف الدین لطیف، نجیب احمد نجیب اور شبیر خاں اسمارٹ شامل ہیں۔ مشاعرے کے ناظم لطیف الدین لطیف ہوں گے۔

اس موقع پر ممتاز شاعر ڈاکٹر طیب پاشاہ قادری کو وظیفۂ حسنِ سبکدوشی کے ضمن میں تہنیت بھی پیش کی جائے گی۔

تمام شائقینِ طنز و مزاح سے شرکت کی پرخلوص درخواست ہے۔

Comments