ایشور کھنڈرے نے بطور وزیر حلف لیا، بیدر ضلع میں خوشی کی لہر۔


بیدر، 3 جون (نامہ نگارمحمد عبدالصمد منجووالا) ضلع کے ممتاز قانون دان و نامور سیاست دان جناب بھیمنا کھنڈرے کے فرزند، بھالکی حلقہ کے رکن اسمبلی اور حلقہ پارلیمانی بیدر کے رکن پارلیمنٹ جناب ساگر کھنڈرے کے والد جناب ایشور کھنڈرے، جو سابق وزیر اعلیٰ سدارامیا کی حکومت میں بھی وزیر جنگلات کی حیثیت سے نمایاں خدمات انجام دے چکے ہیں، نے آج ڈی کے شیوکمار کی قیادت میں قائم ہونے والی نئی حکومت میں بطور وزیر حلف لیا۔
ان کی کابینہ میں شمولیت پر ضلع بیدر بالخصوص بھالکی حلقہ میں خوشی کی لہر دوڑ گئی۔ کانگریس کارکنوں، سماجی و سیاسی قائدین اور عوامی حلقوں نے ایک دوسرے کو مبارکباد پیش کرتے ہوئے مٹھائیاں تقسیم کیں اور اپنی مسرت کا اظہار کیا۔
سیاسی مبصرین کے مطابق ایشور کھنڈرے ایک تجربہ کار، سنجیدہ اور عوامی مسائل سے بخوبی واقف رہنما ہیں۔ انہوں نے اپنے سابقہ دورِ وزارت میں جنگلات، ماحولیات اور عوامی فلاح و بہبود سے متعلق کئی اہم اقدامات کیے تھے، جس کی وجہ سے انہیں عوام میں خاصی مقبولیت حاصل ہے۔
بیدر ضلع کے عوام کو امید ہے کہ نئی حکومت میں ایشور کھنڈرے کی شمولیت سے ضلع کی ترقی، بنیادی سہولیات کی فراہمی، روزگار کے مواقع اور دیگر عوامی مسائل کے حل میں مزید تیزی آئے گی۔ مختلف تنظیموں، عوامی نمائندوں اور کانگریس کارکنوں نے انہیں مبارکباد پیش کرتے ہوئے نیک خواہشات کا اظہار کیا ہے۔
حلف برداری کے بعد انہوں نے عوام کی خدمت اور ریاست کی ہمہ جہت ترقی کے عزم کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ وہ عوام کی توقعات پر پورا اترنے کی بھرپور کوشش کریں گے۔ ان کی وزارت سے بیدر ضلع سمیت کلیان کرناٹک خطہ کے ترقیاتی منصوبوں کو مزید رفتار ملنے کی امید ظاہر کی جا رہی ہے۔

Comments