مسلمانوں کا سیاسی شعور اور ہماری ذمہ داری:مبشرسندھے۔


بیدر۔ 19/اپریل (محمدیوسف رحیم بیدری) ویلفیرپارٹی آف انڈیا بیدر کے صدر جناب مبشرسندھے نے کہاہے کہ مسلمانوں میں سیاسی شعور کا مطلب صرف الیکشن کے وقت ووٹ دینا نہیں ہے، بلکہ اصل شعور یہ ہے کہ الیکشن کے بعد بھی منتخب نمائندوں سے اپنے حقوق اور اپنی برادری کی ترقی کے لیے مضبوطی کے ساتھ مطالبہ کیا جائے۔بدقسمتی سے ہم اس میدان میں کافی کمزور نظر آتے ہیں۔ ہمارے اکثر سیاسی اور مذہبی رہنما صرف الیکشن کے دوران ہی ہمیں سیاسی شعور کی باتیں بتاتے ہیں، اور خاص طور پر ہمیں کسی ایک پارٹی کے خلاف ڈرا کر ووٹ دینے پر آمادہ کرتے ہیں۔ ہم ان کی باتوں میں آکر ووٹ دے دیتے ہیں اور بعض اوقات کسی پارٹی کو کامیاب بھی بنا دیتے ہیں، لیکن الیکشن کے بعد وہی رہنما اور باشعور افراد پانچ سال کے لیے غائب ہو جاتے ہیں۔اگر ہم دیگر برادریوں، جیسے لنگایت کمیونٹی کو دیکھیں تو ان کا سیاسی شعور بہت مضبوط ہے۔ وہ صرف الیکشن سے پہلے ہی نہیں بلکہ الیکشن کے بعد بھی ہر پارٹی کے ساتھ رابطہ رکھتے ہیں اور اپنی برادری کے مفادات کے لیے مسلسل جدوجہد کرتے ہیں۔ یہی وجہ ہے کہ وہ اپنی کمیونٹی کی ترقی کو یقینی بناتے ہیں۔مبشرسندھے نے کہاکہ آج مسلمانوں کو بھی اس بات کی شدید ضرورت ہے کہ وہ صرف ووٹ دینے تک محدود نہ رہیں، بلکہ الیکشن سے پہلے اور بعد دونوں اوقات میں منظم منصوبہ بندی کے ساتھ اپنے مسائل، ضروریات اور ترقی کے شعبوں کی نشاندہی کریں۔ ہمیں ایسے افراد کی ضرورت ہے جو تحقیق اور حکمتِ عملی کے ساتھ ہماری نمائندگی کریں اور منتخب نمائندوں سے ہماری برادری کے لیے عملی فوائد حاصل کریں۔انھوں نے آخر میں کہاکہ ہمیں یہ ذہنیت بدلنی ہوگی کہ ہمارا کام صرف کسی پارٹی کو جتوانا ہے۔ بلکہ ہمارا اصل مقصد یہ ہونا چاہیے کہ ہم اپنی مسلم برادری کو سماجی، سیاسی اور معاشی طور پر مضبوط بنائیں، اور اس کے لیے ہر سطح پر سنجیدہ اور مسلسل کوشش کریں۔میں ضلع بیدر کے معزز حضرات سے اس جانب توجہ کی اپیل کرتا ہوں اور پُر امید ہوں کہ وہ اپنے سیاسی شعور کے ذریعے اُمتِ مسلمہ کی ترقی اور تحفظ کو یقینی بنانے میں اپنا مؤثر کردار ادا کریں گے۔جزاک اللہ خیر

Comments

Popular posts from this blog

پانگل جونیئر کالج میں نیٹ, جی میں کامیاب طلباء کا استقبال۔

شمع اردو اسکول سولاپور میں کھیلوں کے ہفتہ کا افتتاح اور پی۔ایچ۔ڈی۔ ایوارڈ یافتہ خاتون محترمہ نکہت شیخ کی گلپوشہ

رتن نیدھی چیریٹیبل ٹرسٹ ممبئی کی جانب سے بیگم قمر النساء کاریگر گرلز ہائی اسکول اینڈ جونیئر کالج کو سو کتابوں کا تحفہ۔