رئیس ہائی اسکول اینڈ جونیئر کالج میں ”کیوریس مائنڈ سائنس ایکٹیویٹیز کیمپ“ کی افتتاحی تقریب۔


بھیونڈی: (عبدالعزیز انصاری) طلبہ میں سائنسی شعور، تخلیقی فکر اور تجسس کو فروغ دینے کے مقصد کے تحت رئیس ہائی اسکول اینڈ جونیئر کالج میں سائنس کلب کے زیر اہتمام دو ہفتوں پر مشتمل ”کیوریس مائنڈ سائنس ایکٹیویٹیز کیمپ“ کی افتتاحی تقریب پیر 6 اپریل 2026 کو نہایت شان و شوکت کے ساتھ آڈیو ویزول ہال میں منعقد ہوئی۔ اس باوقار تقریب کی صدارت پرنسپل ضیاء الرحمن انصاری نے کی، جبکہ وائس پرنسپل عامر صدیقی، سپروائزرمزدان ملا ّاور عبدالعزیز انصاری شریک رہے۔تقریب کا آغاز تلاوتِ کلامِ پاک سے ہوا۔ علمِ کیمیا کے استاد مکرم خان نے استقبالیہ کلمات پیش کرتے ہوئے کیمپ کی اہمیت، افادیت اور اس کے اغراض و مقاصد پر جامع روشنی ڈالی۔ انہوں نے بتایا کہ یہ کیمپ طلبہ کو عملی سرگرمیوں کے ذریعے سیکھنے کا ایک بہترین موقع فراہم کرے گا، جس میں سائنسی تجربات، ماڈل سازی، پروجیکٹس اور مختلف مقابلہ جاتی سرگرمیاں شامل ہوں گی۔اپنے صدارتی خطاب میں پرنسپل ضیاء الرحمن انصاری نے سائنسی تحقیق کی اہمیت پر زور دیتے ہوئے کہا کہ اس طرح کے کیمپس طلبہ میں سوال کرنے، سوچنے اور نئے تجربات کرنے کی صلاحیت کو فروغ دیتے ہیں۔ انہوں نے طلبہ کو تلقین کی کہ وہ سائنسی میدان میں آگے بڑھیں اور اپنی پوشیدہ صلاحیتوں کو اجاگر کریں۔تقریب کے دوران طلبہ نے بھی اپنے خیالات کا اظہار کیا اور کیمپ میں بھرپور شرکت کے عزم کا اعادہ کیا۔ اس موقع پر سائنس سے متعلق مختصر مگر دلچسپ مظاہرے (Demonstrations) پیش کیے گئے، جنہیں حاضرین نے بے حد سراہا۔ طلبہ نے مقررین سے مختلف سوالات بھی کیے، جن کے ماہرین نے تسلی بخش جوابات فراہم کیے۔اس تقریب میں سیکنڈری اور جونیر کالج کے طلبہ و اساتذہ کی بڑی تعداد شریک رہی، جس سے پروگرام کی کامیابی کا اندازہ بخوبی لگایا جا سکتا ہے۔آخر میں جونیر کالج کی سپروائزر مزدان ملاّ نے تمام مہمانان کا شکریہ ادا کیا اور اس عزم کا اظہار کیا کہ مستقبل میں بھی طلبہ کی تعلیمی و سائنسی ترقی کے لیے اس نوعیت کے بامقصد پروگرامز کا انعقاد جاری رکھا جائے گا۔افتتاحی تقریب کے ساتھ ہی دو ہفتوں پر محیط اس سائنسی کیمپ کا باقاعدہ آغاز ہو گیا، جس سے طلبہ کو سیکھنے، سمجھنے اور آگے بڑھنے کے نئے مواقع میسر آئیں گیا۔پروگرام کو کامیاب بنانے میں سائنس کلب کے سبھی اراکین کا گراں قدر تعاون شامل رہا۔

Comments

Popular posts from this blog

پانگل جونیئر کالج میں نیٹ, جی میں کامیاب طلباء کا استقبال۔

رتن نیدھی چیریٹیبل ٹرسٹ ممبئی کی جانب سے بیگم قمر النساء کاریگر گرلز ہائی اسکول اینڈ جونیئر کالج کو سو کتابوں کا تحفہ۔

شمع اردو اسکول سولاپور میں کھیلوں کے ہفتہ کا افتتاح اور پی۔ایچ۔ڈی۔ ایوارڈ یافتہ خاتون محترمہ نکہت شیخ کی گلپوشہ