غزل۔ - ازقلم : افتخارِ راغبؔ، ریاض، سعودی عرب۔
غزل۔ -
ازقلم : افتخارِ راغبؔ،
ریاض، سعودی عرب۔
لاکھ رُت آئے بے نوائی کی
دل میں جرأت ہو لب کشائی کی
کتنی مضبوط ڈور ٹوٹ گئی
ضد نے کیا زور آزمائی کی
ہر جگہ عدل و امن پر یلغار
ہر طرف رسم منہ بھرائی کی
اب قفس کو ہی توڑنا ہوگا
کوئی صورت نہیں رہائی کی
سبز رہتے ہیں خیر کے اشجار
رُت بدلتی نہیں بھلائی کی
مجھ کو کرنا ہے اک جہاں روشن
میں کہ اک بوند روشنائی کی
لو محبت کی ہو گئی تکمیل
لو گھڑی آگئی جدائی کی
انتہا پر تھی اُن کی ضد راغبؔ
میں نے کوشش تو انتہائی کی
افتخارِ راغبؔ۔
ریاض، سعودی عرب۔
Comments
Post a Comment