غزل - ازقلم : افتخار راغبؔ۔ریاض، سعودی عرب
غزل -
ازقلم : افتخار راغبؔ۔
ریاض، سعودی عرب۔
خیر کیا ہو عذاب ہے رے توٗ
اب کہاں با نقاب ہے رے توٗ
چھوڑ دے چھل کپٹ اور ادنیٰ پن
اب تو عالی جناب ہے رے توٗ
جانے کس دم ہوا بگڑ جائے
حد سے مت بڑھ حباب ہے رے توٗ
شدّتِ تشنگی سے ہوں مجبور
جانتا ہوں سراب ہے رے توٗ
عاشقوں کا حساب کیا ہوگا
خوب روٗ بے حساب ہے رے توٗ
سب بجھاتے ہیں مجھ ندی سے پیاس
اتنا کیوں آب آب ہے رے توٗ
اب اٹھا کر سوال کیا حاصل
حاصلِ انتخاب ہے رے توٗ
سب کی چھت پر تجھے برسنا تھا
توٗ ہے سب کا، سحاب ہے رے توٗ
بے قراری کو کیا قرار آئے
اب کہاں دستیاب ہے رے توٗ
آس مت رکھ سکوٗن کی راغبؔ
پیکرِ اضطراب ہے رے توٗ
افتخار راغبؔ۔
ریاض، سعودی عرب۔
Comments
Post a Comment