ایل پی جی بحران میں نرمی — عوام کے لیے بڑی راحت سید فاروق احمد قادری۔
ایل پی جی بحران میں نرمی — عوام کے لیے بڑی راحت
سید فاروق احمد قادری۔
عالمی حالات کی کشیدگی اور ایران سے جڑی جنگی صورتحال نے جہاں کئی معیشتوں کو ہلا کر رکھ دیا، وہیں ایل پی جی (گیس) کی قلت نے عام آدمی کی زندگی اجیرن بنا دی۔ خصوصاً دیہی علاقوں میں لوگ گیس سلنڈر کے لیے در بدر بھٹکنے پر مجبور تھے، جس سے روزمرہ زندگی شدید متاثر ہوئی۔
لیکن اب حالات میں بہتری کے آثار نمایاں ہونے لگے ہیں۔ گیس ڈسٹری بیوٹرز نے ایک بار پھر دیہات میں گھروں تک سلنڈر کی فراہمی شروع کر دی ہے، جو عوام کے لیے کسی بڑی راحت سے کم نہیں۔ یہ اقدام نہ صرف عوامی مشکلات کو کم کرے گا بلکہ گیس کی ترسیل کے نظام کو بھی مستحکم کرے گا۔
یاد رہے کہ جنگ کے آغاز کے بعد لوگوں کو خود جا کر سلنڈر حاصل کرنا پڑ رہا تھا، جس سے وقت، محنت اور اخراجات تینوں میں اضافہ ہو رہا تھا۔ اب ہوم ڈیلیوری کی بحالی سے یہ مسائل کافی حد تک حل ہوتے دکھائی دے رہے ہیں۔
گھر بیٹھے سلنڈر حاصل کرنے کا آسان طریقہ:
صارفین اپنے رجسٹرڈ موبائل نمبر کے ذریعے ایل پی جی بک کریں، جس کے بعد ایک او ٹی پی موصول ہوگا۔ اسی تصدیق کے بعد گیس سلنڈر براہِ راست گھر تک پہنچا دیا جائے گا۔
یہ پیش رفت بلاشبہ عام آدمی کے لیے ایک مثبت اشارہ ہے، تاہم ضرورت اس بات کی ہے کہ حکومت اور متعلقہ ادارے اس نظام کو مستقل اور مؤثر بنائیں تاکہ مستقبل میں عوام کو ایسی مشکلات کا سامنا نہ کرنا پڑے۔
Comments
Post a Comment