جرائم پیشہ عناصر کے خلاف سخت کارروائی کا مطالبہ، ایکتا سنگھٹنا کی پولیس سے دوٹوک اپیل۔
جلگاؤں (عقیل خان بیاولی) : 13 اپریل کو جلگاؤں شہر میں پیش آئے دو سنگین حملوں کے بعد متاثرہ افراد نے ایکتا سنگھٹنا کے کوآرڈی نیٹر فاروق شیخ کی قیادت میں ضلع پولیس سپرنٹنڈنٹ مہیشور ریڈی سے ملاقات کرتے ہوئے فوری اور سخت کارروائی کا مطالبہ کیا ہے۔ تفصیلات کے مطابق نیشنل ہائی وے نمبر 6 (ممبئی-ناگپور) پر واقع نصیرآباد ہائی وے کے قریب ساجد خان پر مہلک حملہ کیا گیا، جبکہ دوسرا واقعہ مہرون تالاب ٹریک پر ابوذر نامی نوجوان کے ساتھ پیش آیا۔ دونوں واقعات میں ایک ہی گینگ کے 7 تا 8 افراد نے بے رحمی کے ساتھ مارپیٹ، جان لیوا حملہ اور لوٹ مار کی واردات انجام دی۔
متاثرین نے پولیس کی جانب سے فوری اور مؤثر کارروائی نہ ہونے پر شدید تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ ان کی اور ان کے اہل خانہ کی جان کو خطرہ لاحق ہے۔ اس موقع پر ایس پی مہیشور ریڈی نے معاملات کی سنگینی کو مدنظر رکھتے ہوئے متعلقہ پولیس انسپکٹر کو سخت ہدایات جاری کیں اور ملزمین کے خلاف کارروائی کا حکم دیا۔
ایکتا سنگھٹنا کی جانب سے فاروق شیخ نے مطالبات پیش کرتے ہوئے کہا کہ تمام ملزمین کو فوراً گرفتار کیا جائے، ان پر سخت دفعات کے تحت مقدمات درج کیے جائیں، ان کی نقل و حرکت پر پابندیاں عائد کی جائیں اور متاثرہ افراد کو فوری پولیس تحفظ فراہم کیا جائے۔
انہوں نے خبردار کیا کہ اگر مطالبات پر فوری عملدرآمد نہ ہوا تو سنگھٹنا احتجاج پر مجبور ہوگی، جس کی مکمل ذمہ داری انتظامیہ پر عائد ہوگی۔ فاروق شیخ نے مزید کہا کہ معاشرے میں قانون کا خوف قائم کرنا ناگزیر ہے، بصورت دیگر ایسے عناصر کے حوصلے بلند ہو کر عوام میں خوف و ہراس پھیلائیں گے۔
Comments
Post a Comment