ہم نشیں ویلفیئر فاؤنڈیشن کی جانب سے بھیونڈی میں خواتین و بچوں کے لیے مفت میڈیکل کیمپ کا انعقاد۔


بھیونڈی (راست) ہم نشیں ویلفیئر فاؤنڈیشن اور کوہ نور ہاسپٹل کے باہمی اشتراک سے اتوار، 12 اپریل کو کے جی این ہائی اسکول، شانتی نگر میں خواتین اور بچوں کے لیے ایک خصوصی فری میڈیکل کیمپ کا کامیاب انعقاد کیا گیا۔ اس کیمپ میں شہر کے معروف سرجنز، فزیشنز اور ماہر امراض چشم نے شرکت کی اور مریضوں کو مفت طبی خدمات فراہم کیں۔
کیمپ کی خاص بات یہ رہی کہ سینے کا ایکس رے بالکل مفت کیا گیا، جبکہ چشمے نہایت مناسب اور کفایتی قیمتوں پر فراہم کیے گئے، جس سے بڑی تعداد میں مستحق افراد نے فائدہ اٹھایا۔
اس اہم طبی کیمپ کا افتتاح بھیونڈی نظام پور شہر مہا نگر پالیکا کے ڈپٹی میئر طارق عبدالباری نے کیا۔ اس موقع پر انہوں نے ہم نشیں ویلفیئر فاؤنڈیشن کی کاوشوں کو سراہتے ہوئے خاص طور پر سلم علاقوں کے انتخاب اور وہاں کے عوام کو بنیادی طبی سہولیات فراہم کرنے کے اقدام کو قابلِ تحسین قرار دیا۔ انہوں نے مستقبل میں بھی ایسے فلاحی پروگراموں کے لیے ہر ممکن تعاون کا یقین دلایا۔اس موقع پر مرزا ذاکر بیگ (کارپوریٹر) ،اسماعیل فخرالدین شیخ(اعزازی جنرل سیکریٹری دی پبلک ایجوکیشن سوسائٹی) بطور مہمان موجود رہے. 
اس میڈیکل کیمپ کو کامیاب بنانے میں ہم نشیں ویلفیئرفاؤنڈیشن کے ممبران، کوہ نور ہاسپٹل کی ٹیم، صالحہ صاحبہ، زبیر شیخ، اور مرزا الائنس کا نمایاں کردار رہا، جن کی مشترکہ کوششوں سے یہ پروگرام احسن طریقے سے پایہ تکمیل تک پہنچا۔
منتظمین کے مطابق، اس فری کیمپ سے تقریباً 400 افراد نے استفادہ کیا، جن میں خواتین اور بچوں کی بڑی تعداد شامل تھی۔ علاقے کے معززین اور عوام نے اس اقدام کو بھرپور سراہا اور اسے معاشرے کے لیے ایک مثبت اور ضروری قدم قرار دیا۔

Comments

Popular posts from this blog

پانگل جونیئر کالج میں نیٹ, جی میں کامیاب طلباء کا استقبال۔

رتن نیدھی چیریٹیبل ٹرسٹ ممبئی کی جانب سے بیگم قمر النساء کاریگر گرلز ہائی اسکول اینڈ جونیئر کالج کو سو کتابوں کا تحفہ۔

شمع اردو اسکول سولاپور میں کھیلوں کے ہفتہ کا افتتاح اور پی۔ایچ۔ڈی۔ ایوارڈ یافتہ خاتون محترمہ نکہت شیخ کی گلپوشہ