کڈپہ میں ادبی و تہنیتی نشست: مصنف سے ملاقات اور ڈاکٹر انور ہادی جنیدی کی تہنیت۔


کڈپہ میں ادبی و تہنیتی نشست: مصنف سے ملاقات اور ڈاکٹر انور ہادی جنیدی کی تہنیت۔

کڈپہ، 13 اپریل 2026: شہر کڈپہ،مکتبہ محبوبیہ، گڑھ منڈی میں مصنف سے ملاقات کے عنوان سے ایک باوقار نشست منعقد کی گئی۔ شام سات بجے شروع ہونے والے اس پروگرام میں اہل علم، ادباء اور شائقین ادب کی بڑی تعداد نے شرکت کی۔
تقریب میں معروف شاعر و ادیب، محقق ڈاکٹر ظہیر احمد راہی فدائی کی موجودگی اور ان سے براہ راست مکالمہ رہا۔ انہوں نے نہایت کھلے انداز میں ادبی موضوعات پر اظہار خیال کیا اور سامعین کے سوالات کے جوابات دے کر اپنی علمی بصیرت کا ثبوت پیش کیا۔ محفل کے آغاز میں پروفیسر ڈاکٹر سید وصی اللہ بختیاری نے راہی فدائی کی شخصیت اور ان کے ادبی سفر پر جامع روشنی ڈالتے ہوئے حاضرین کو ان کے فن اور خدمات سے متعارف کرایا۔
اسی موقع پر ڈاکٹر انور ہادی جنیدی کو ڈاکٹریٹ کی ڈگری حاصل کرنے پر پرجوش انداز میں تہنیت پیش کی گئی۔ ڈاکٹر راہی فدائی نے انہیں مبارکباد دیتے ہوئے کہا کہ جعفر امیر جیسے شاعر، مترجم ادیب پر تحقیقی مقالہ پیش کرنا ایک خوش آئند امر ہے، بالخصوص اس لیے بھی کہ جعفر امیر ان کے قریبی احباب میں شامل رہے ہیں۔ انہوں نے اس کامیابی کو اردو تحقیق کے لیے ایک مثبت پیش رفت قرار دیا - پروفیسر قاسم علی خان نے اپنے تاثرات میں ڈاکٹر انور ہادی جنیدی کو ایک محنتی اور جستجو رکھنے والا طالب علم قرار دیتے ہوئے کہا کہ ان کی علمی لگن اور مطالعہ کا شوق انہیں اس مقام تک لے آیا ہے اور آج انہیں ڈاکٹر کہہ کر مخاطب کرنا باعث مسرت ہے۔
دوماہی افسانہ نما کے مدیر محمود شاہد نے پروگرام کی اہمیت پر روشنی ڈالتے ہوئے کہا کہ مصنف سے ملاقات جیسے پروگرام نہ صرف ادبی شعور کو فروغ دیتے ہیں بلکہ نئی نسل کو اہل قلم سے قریب بھی کرتے ہیں۔ انہوں نے ڈاکٹر راہی فدائی کی علمی و ادبی خدمات کی پذیرائی کی اور ڈاکٹر انور ہادی جنیدی کو کاروان اردو حقیقی کی جانب سے تہنیت پیش کی۔تقریب میں سید حسینی باشاہ شہمیری (سجادہ نشین آستانہ شہمیریہ) اور شیخ نذیر احمد (سابق DCC) سمیت دیگر معزز شخصیات نے بھی اپنی جانب سے مبارکباد پیش کی۔ مختلف ادبی و سماجی تنظیموں جیسے کاروان اردو حقیقی، بزم زکی، رائل سیما اردو رائٹرز فیڈریشن، کے عبدالمجید سوسائٹی اور اسٹیٹ ٹیچرز یونین، کی جانب سے ڈاکٹر انور ہادی جنیدی کی شال پوشی اور گل پوشی کر کے ان کی خدمات کا اعتراف کیا گیا۔
محفل کی صدارت سید حسنی باشاہ شہمیری نے کی جبکہ نظامت کے فرائض ڈاکٹر سردار ساحل نے خوش اسلوبی سے انجام دیے۔ پروگرام میں محبوب باشاہ، غوث باشاہ، ستار فیضی، الطاف حسین، الیاس باشاہ، مقبول احمد مقبول، شہاب الدین، شیخ سراج، محبوب خان سمیت دیگر احباب نے شرکت کی۔آخر میں مہمانوں اور شرکاء کے لیے عشائیہ کا اہتمام کیا گیا، جس کے ساتھ ہی یہ بامقصد نشست اپنے اختتام کو پہنچی۔

Comments

Popular posts from this blog

پانگل جونیئر کالج میں نیٹ, جی میں کامیاب طلباء کا استقبال۔

رتن نیدھی چیریٹیبل ٹرسٹ ممبئی کی جانب سے بیگم قمر النساء کاریگر گرلز ہائی اسکول اینڈ جونیئر کالج کو سو کتابوں کا تحفہ۔

شمع اردو اسکول سولاپور میں کھیلوں کے ہفتہ کا افتتاح اور پی۔ایچ۔ڈی۔ ایوارڈ یافتہ خاتون محترمہ نکہت شیخ کی گلپوشہ