جماعتِ اسلامی ہند جلگاؤں اور سدبھاؤنا منچ کے زیرِ اہتمام 'مسجد پریچئے' اور 'عید ملن' کا انعقاد۔ مسجدیں انسانی خدمت اور سماجی انصاف کا مرکز ہوتی ہیں۔واجد علی خان کا اظہارِ خیال۔
جماعتِ اسلامی ہند جلگاؤں اور سدبھاؤنا منچ کے زیرِ اہتمام 'مسجد پریچئے' اور 'عید ملن' کا انعقاد۔
مسجدیں انسانی خدمت اور سماجی انصاف کا مرکز ہوتی ہیں۔واجد علی خان کا اظہارِ خیال۔
جلگاؤں (عقیل خان بیاولی) : عالمی منظر نامے میں انسان ،انسان کا اس طرح دشمن بنا ہوا ہے کہ اس نے حیوان کو بھی شرما دیا ہے۔ اسی طرح ملک عزیز کی حالیہ تصویر بھی کچھ ٹھیک نظر نہیں آتی۔ جماعت اسلامی گزشتہ کئی سالوں سے بین مذاہب ہم آہنگی اور امن آشتی کے فضاء ہموار کرنے کے لئے کوشاں گو ہے۔ اسی ضمن میں سماج میں اسلام اور مسلمانوں کے حوالے سے پھیلی غلط فہمیوں کے ازالے اور بین المذاہب رواداری کے فروغ کے لیے جماعتِ اسلامی ہند جلگاؤں اور سدبھاؤنا منچ کے اشتراک سے شنی پیٹھ (کاٹیا فائل) میں واقع مسجدِ نور میں ایک پُر وقار 'مسجد پریچئے' (تعارفِ مسجد) اور 'عید ملن' پروگرام منعقد کیا گیا۔
جس میں بطور مہمانانِ خصوصی شہر کی میئر دیپ مالا کالے، ایڈیشنل ایس پی نتین گناپورے ، جماعتِ اسلامی ہند کے شعبہ خدمت خلق کے صوبائی سیکریٹری عبدالسمیع ، جلگاؤں ضلع منیار برادری کے صدر فاروق شیخ ، ہندو مت کے پنڈت وشوناتھ جوشی جی، گووردھن گیانی، برہمکماری تائی اشونی جی، شنی پیٹھ پولس اسٹیشن کی پی آئی شریمتی کاویری کملاکر کے نمائندے، شہر پولس اسٹیشن کے پی آئی نتین شندے ، موجود تھے۔ اس میں مختلف مذاہب کے پیشواؤں نے شرکت کر کے فرقہ وارانہ ہم آہنگی کی مثال پیش کی۔ سکھ سماج سے تشریف لائے گووردھن سنگھ جی نے اپنے خیالات کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ "خدا ہر مذہب میں موجود ہے، ہم صرف اسے پکارنے کے لیے الگ الگ نام استعمال کرتے ہیں۔" برہما کماری سے آئی ہوئی اشونی تائی نے بھی مذاہب کی تعلیمات اور انسانیت پر سیر حاصل گفتگو کی۔
شہر ناسک سے تشریف لائے مقرر محترم واجد علی خان نے مسجد کی اہمیت و افادیت پر روشنی ڈالتے ہوئے کہا "عہدِ نبویؐ میں مسجد کو انسانی معاشرہ میں مرکزی حیثیت حاصل تھی۔ یہ محض جائے عبادت نہیں بلکہ انصاف کی فراہمی، غریبوں کی دستگیری، بے روزگاروں کی مدد اور عوامی مسائل کے حل کا اہم مرکز تھی۔ آج کے دور میں بھی ضرورت ہے کہ مساجد کو فلاحی کاموں کے لیے مرکز کے طور پر متحرک کیا جائے۔" صدارتی خطاب میں عبد السمیع صاحب نے اسلام کے رواداری کے واقعات بطور مثالیں پیش کیں۔ پروگرام کی نظامت وسیم حمید نے نہایت خوش اسلوبی سے انجام دیں۔کامیابی بنانے کے لیے جماعتِ اسلامی ہند جلگاؤں کے امیرِ مقامی ڈاکٹر عبداللہ شیخ اور ان کی پوری ٹیم نے محنت کی۔ پروگرام میں شہر کی کثیر تعداد اور مختلف مکاتب فکر سے تعلق رکھنے والے افراد نے شرکت کر کے اتحاد و اخوت کا پیغام عام کیا۔
Comments
Post a Comment