ادائیگی حج کے لیے انتخاب ہی حج کی مقبولیت کا اشارہ: حضرت علی الحسینی - ٬ایران کی فتح کیلئے دعا کرنے عازمین حج سے روشن بیگ کی اپیل۔
گلبرگہ (راست) گلبرگہ میں 27 ویں مرکزی حج تربیتی کیمپ کا کامیاب انعقاد، گلبرگہ میں حج ہاؤز کی عاجلانہ تعمیر پر زور
بیدر 6 / اپریل (نامہ نگار) تقدس مآب حضرت ڈاکٹر حافظ سید محمد علی الحسینی صاحب سجادہ نشین درگاہ خواجہ بندہ نوازؒ و چیرمین کرناٹک اسٹیٹ وقف بورڈ نے اس سال گلبرگہ اور یادگیر سے ادائیگی حج کیلئے جانے والے عازمین حج کو حج کی پیشگی مبارکباد پیش کرتے ہوئے فرمایا ہے کہ گنبد خضریٰ پر حاضری کے موقع پر ان کی اور تمام مسلمانان گلبرگہ و یادگیر کی جانب سے سلام عرض کریں۔حضرت علی الحسینی صاحب کے این زیڈ فنکشن ہال رنگ روڈ گلبرگہ میں منعقدہ مرکزی حج تربیتی کیمپ میں اضلاع گلبرگہ یاگیر کے عازمین حج سے خطاب فرما رہے تھے۔ حضرت علی الحسینی صاحب نے مزید فرمایا کہ ادائیگی حج کیلئے آپ کا منتخب ہونا ہی آپ کے حج کی مقبولیت کا واضح اشارہ ہے۔ حضرت علی الحسینی صاحب نے گلبرگہ و یادگیر کے تمام عازمین حج سے اپیل کی کہ وہ اپنے عزیز و اقارب کے حق میں دعائیں کرنے کے ساتھ ساتھ امت مسلمہ کی سرخروئی اور ہندوستان میں امن و خوشحالی کیلئے بھی ضرور دعا کریں۔ حضرت علی الحسینی صاحب نے حج تربیتی کیمپ میں عازمین حج کی خدمت کرنے والے تمام احباب کو مبارکباد پیش کرتے ہوئے کہا کہ یہ بڑی سعادت کی بات اور خدمت خلق ہے۔ صوفیائے کرام ہمیشہ خدمت خلق کو ترجیح دیا کرتے تھے۔حضرت علی الحسینی صاحب نے مزید کہا کہ اگر خیالات پاکیزہ ہوں اور سوچ اچھی ہو تو شیطان ہرگز گمراہ نہیں کر سکتا۔انہوں نے کہا کہ ہمیشہ اچھے کام کرنے کی نیت کیا کریں اس سے سوچ بھی مثبت ہو جاتی ہے اور نیک کام کا ثواب بھی حاصل ہوتا ہے۔ ابتدا میں قرات کلام پاک کے بعدڈاکٹر اشفاق احمد چلبل سابق مئیر گلبرگہ و نائب صدر مرکزی حج تربیتی کیمپ کمیٹی گلبرگہ نے نہایت پرکیف انداز میں نعت خوانی کا شرف حاصل کیا۔ سید مظہر حسین چیرمین مرکزی حج تربیتی کیمپ کمیٹی گلبرگہ نے خیر مقدمی تقریر کرتے ہوئے بتایا کہ گلبرگہ میں پچھلے 27 سالوں سے نہایت کامیابی کے ساتھ حج تربیتی کام کا انعقاد عمل میں آرہا ہے۔ سید مظہر حسین نے گلبرگہ میں منعقد ہونے والے حج تربیتی کیمپ کو الحاج آر روشن بیگ سابق وزیر حج حکومت کرناٹک کی دین بتاتے ہوئے کہا کہ آج سے 25، 30 سال قبل گلبرگہ بیدر یادگیر رائچور کے عازمین حج کو حج کی تربیت کیلئے بنگلور جانا پڑتا تھا۔اس میں بڑی دشواریاں درپیش ہوا کرتی تھیں۔اسی کے پیش نظر جب انہوں نے روشن بیگ صاحب سے گلبرگہ میں حج تربیتی کیمپ کے انعقاد کی اجازت طلب کی تو انہوں نے فوری اجازت دے دی۔ سید مظہر حسین نے مزید کہا کہ الحاج آر روشن بیگ کی سرپرستی میں بنگلور میں منعقد ہونے والا حج تربیتی کیمپ سارے ملک کیلئے مثالی بن گیا تھا۔ انہوں نے کہا کہ روشن بیگ ہی حج تربیتی کیمپ کے بانی ہیں۔سید مظہر حسین نے گلبرگہ میں حج ہاؤز کی عاجلانہ تعمیر کی ضرورت پر زور دیتے ہوئے تقدس مآب حضرت ڈاکٹر حافظ سید محمد علی الحسینی صاحب سے پرزور درخواست کی کہ وہ چیرمین کرناٹک اسٹیٹ وقف بورڈ کی حیثیت سے گلبرگہ میں حج ہاؤزکی تعمیر میں درپیش رکاوٹیں دور کرنے کی سعی فرمائیں۔آر روشن بیگ سابق ریاستی وزیر نے اظہار خیال کرتے ہوئے کہا کہ ایران کے ساتھ امریکہ اور اسرائیل کی جنگ کا سب سے بڑا اثر یہ ہوا ہے کہ تاریخ میں پہلی بار شیعہ سنی اتحاد قائم ہوا ہے۔ اس جنگ کے نتیجے میں شیعہ اور سنیوں کے مابین برسوں سے جاری اختلاف ختم ہوا ہے۔ روشن بیگ نے عازمین حج سے پرزور درخواست کی کہ حج کے دوران وہ ایران کی فتح کیلئے اور غزہ کے مسلمانوں کو ظلم سے نجات حاصل ہونے کیلئے دعائیں کریں۔روشن بیگ نے گلبرگہ میں حج تربیتی کیمپ کے کامیاب انعقاد کیلئے سید مظہر حسین اور ان کی پوری ٹیم کی مساعی کی بھرپور ستائش کرتے ہوئے مبارکباد پیش کی۔روشن بیگ نے سید اعجاز اور انڈین حج ٹریننگ فورم بنگلور کی پوری ٹیم کی بھی بھرپور ستائش کرتے ہوئے کہا کہ سید اعجاز صاحب زمانہ دراز سے عازمین حج کو بہترین تربیت دے رہے ہیں۔فضیلت مآب حضرت سید شاہ ید اللہ حسینی المعروف نظام بابا خلف اکبر و جانشین سجادہ نشین بارگاہ حضرت خواجہ گنج بخشؒ گلبرگہ نے مہمان خصوصی کی حیثیت سے شرکت کی۔ صبح 10 بجے سے شروع ہوئے حج تربیتی کیمپ میں سید اعجاز نے سفر حج اور مناسک حج کی ادائیگی مکہ مکرمہ و مدینہ منورہ میں قیام و طعام سے متعلق عازمین حج کی بہترین رہنمائی اور تربیت فرمائی۔ انڈین حج ٹریننگ فورم کی ٹیم ایس ایم قادری مبین احمد نعمت شریف اشفاق صاحب سعید محمد اور مولانا ابوذر نے عازمین حج کو ٹریننگ دینے میں سید اعجاز صاحب سے بھرپور معاونت کی۔ مولوی محمد خواجہ گیسو دراز نے نہایت خوش اسلوبی کے ساتھ نظامت کے فرائض انجام دیے۔ حج کمیٹی سے جانے والے گلبرگہ یادگیر کے عازمین حج کے علاوہ مختلف ٹورس کمپنیوں سے جانے والے عازمین حج نے بھی تربیتی کیمپ میں شرکت کی۔سید ظفر حسین سیکریٹری حج تربیتی کیمپ کمیٹی گلبرگہ سید ذاکرحسین جوائنٹ سیکر یٹری حج تربیتی کیمپ کمیٹی گلبرگہ،عبدالجبار قریشی،بابا فرزند زین الدین شیرینی فروش اور ان کے معاونین نے حج تربیتی کیمپ کے انتظامات میں بھر پور حصہ لیا۔
Comments
Post a Comment