(طنزومزاح) بطرح”ہم زندگی کے ساتھ بہت دُور تک گئے” ازقلم : فریدسحر،حیدرآباد دکن ( انڈیا )


(طنزومزاح) بطرح”ہم زندگی کے ساتھ بہت دُور تک گئے” 
ازقلم : فریدسحر،حیدرآباد دکن ( انڈیا )


بیگم کے ساتھ ہم بھی جو بازار تک گئے
جیب اپنی صاف ہو گئی آنسو چھلک گئے

ہم اُن کے پیچھے اتنا پھرے پاؤں تھک گئے
منزل کے پاس آتے ہی وہ خود کھسک گئے

دعوت سے اُن کوعشق ہے اتنا کہ کیا کہوں
دعوت کا نام لیتے ہی پیچھے لپک گئے

ہم تو بہت ہی طاق تھے لکھنے میں لو لیٹر
اظہار عشق میں مگر ہم ہی اٹک گئے

میک اپ نے اُن کے حُسن کو دو آتشہ کیا
ہم بھی بہت تھے پارسا لیکن بہک گئے

اس زندگی نے ہم کو تو ٹھینگا دکھا دیا
حالانکہ اس کے ساتھ بہت دور تک گئے

پہلے تو میں ہی کہتا تھا وہ سُنتی تھیں مگر
بک بک سے ان کی اب تو مرے کان پک گئے

روکا جو امتحان میں چیٹنگ سے اُن کو میں
شاگرد میرے اپنے ہی مُجھ پر بھڑک گئے

پھانسی کا پھندہ دست حنائ میں دیکھ کر
ہم خود ہی آگے بڑھ گئے اور پھر لٹک گئے

شادی سے پہلے حُسن ہی ان کا کُچھ اور تھا
سیبوں کے جیسے گال تھے پر اب پچک گئے

بیگن کی طرح تھالی میں رہتے ہیں ہم سحر
مطلب کی بات آتے ہی فورا” لُڑھک گئے

فریدسحر،حیدرآباد دکن ( انڈیا )

Comments

Popular posts from this blog

پانگل جونیئر کالج میں نیٹ, جی میں کامیاب طلباء کا استقبال۔

شمع اردو اسکول سولاپور میں کھیلوں کے ہفتہ کا افتتاح اور پی۔ایچ۔ڈی۔ ایوارڈ یافتہ خاتون محترمہ نکہت شیخ کی گلپوشہ

رتن نیدھی چیریٹیبل ٹرسٹ ممبئی کی جانب سے بیگم قمر النساء کاریگر گرلز ہائی اسکول اینڈ جونیئر کالج کو سو کتابوں کا تحفہ۔