ماہرِ خطاط منصب مومن کارئیس ہائی اسکول اینڈ جونیئر کالج میں شاندار استقبال۔
بھیونڈی: (عبدالعزیز انصاری) رئیس ہائی اسکول اینڈ جونیئر کالج کے سابق طالب علم اور ماہرِ خطاط منصب مومن (منصب آرٹ) کا ادارے کی جانب سے نہایت شاندار اور باوقار استقبال کیا گیا۔ اس موقع پر پرنسپل ضیاء الرحمٰن انصاری اور سابق چیئرمین شفیع مقری نے انہیں دوشالہ، تحائف اور گلدستہ پیش کر کے پرتپاک خیرمقدم کیا۔اس موقع پر وائی سی ایم او یو اسٹڈی سینٹر کے کوآرڈینیٹر عبدالعزیز انصاری، خوشخطی کے استاد عظیم غرقاب اور دیگر اساتذۂ کرام بھی موجود تھے۔واضح ہو کہ منصب مومن نے دہلی میں منعقدہ بین الاقوامی قرآنی خطاطی نمائش میں اپنی غیر معمولی صلاحیتوں کا شاندار مظاہرہ کرتے ہوئے نہ صرف اپنی منفرد پہچان قائم کی بلکہ بھیونڈی شہر اور اپنے تعلیمی ادارے کا نام بھی روشن کیا۔ اس باوقار نمائش میں ملک و بیرونِ ملک سے شریک ماہر خطاطوں کے درمیان ان کے فن پاروں کو بے حد سراہا گیا۔ ان کی قرآنی خطاطی میں خوبصورتی، نفاست اور روحانیت کی جھلک نمایاں تھی، جس نے حاضرین اور ماہرین فن کو بے حد متاثر کیا۔مزید باعثِ مسرت امر یہ ہے کہ منصب مومن کا انتخاب ناروے میں منعقد ہونے والی عالمی قرآنی خطاطی نمائش کے لیے بھی انتخاب عمل میں آیا ہے، جو ان کے لیے اور شہر بھیونڈی کے لیے ایک بڑے اعزاز کی حیثیت رکھتا ہے۔اس نمایاں کامیابی پر رئیس ہائی اسکول اینڈ جونیئر کالج کے چیئرمین، پرنسپل اور تمام اسٹاف نے منصب مومن کو دلی مبارکباد پیش کی اور ان کے روشن مستقبل کے لیے نیک خواہشات کا اظہار کیا۔اپنے تاثرات میں منصب مومن نے اپنی کامیابی کا سہرا اپنے اساتذہ اور والدین کی رہنمائی اور حوصلہ افزائی کو دیا اور عزم ظاہر کیا کہ وہ آئندہ بھی پوری لگن اور محنت کے ساتھ اپنے فن کو مزید نکھارتے رہیں گے۔
Comments
Post a Comment