جلگاؤں سے اُٹھی بلند آواز: پرتواڑہ اور ناسک کے افسوسناک واقعات کی شدید مذمت، فوری اور سخت کارروائی کا مطالبہ۔
جلگاؤں (عقیل خان بیاولی)۔ معاشرتی اقدار اور انسانی وقار کو جھنجھوڑ دینے والے دو سنگین واقعات نے پورے علاقے میں تشویش اور غم و غصے کی فضا قائم کر دی ہے۔ پرتواڑہ ضلع امراوتی میں لڑکیوں کی سوشل میڈیا ریلز کے غلط استعمال کے ذریعے کی جانے والی غیر اخلاقی حرکتیں ہوں یا ناسک میں ایک ملٹی پرپز کمپنی کے توسط سے مذہب کی تبدیلی کے نام پر مشتبہ سرگرمیوں کی اطلاعات ،یہ دونوں واقعات نہ صرف قانون و انصاف کے نظام پر سوالیہ نشان ہیں بلکہ معاشرتی زوال کی خطرناک علامت بھی ہیں۔ ان واقعات پر سخت ردِعمل ظاہر کرتے ہوئے ایکتا سنگٹھنا، جلگاؤں نے واضح کیا کہ یہ محض مجرمانہ ذہنیت کے عکاس ہیں اور انہیں کسی بھی مذہب یا ذات سے جوڑنے کی کوشش دراصل معاشرے میں نفرت اور تقسیم کو ہوا دینے کے مترادف ہے۔ تنظیم نے دو ٹوک الفاظ میں کہا کہ کوئی بھی مذہب ایسی گھناؤنی اور غیر انسانی حرکتوں کی اجازت نہیں دیتا۔
تنظیم کے کوآرڈینیٹر فاروق شیخ نے میڈیا، سیاسی جماعتوں اور سماجی اداروں کو مخاطب کرتے ہوئے اپیل کی کہ وہ ذمہ داری کا مظاہرہ کریں اور جھوٹی خبروں یا کسی مخصوص طبقے کو نشانہ بنا کر ماحول خراب کرنے کی کوششوں سے گریز کریں۔ انہوں نے انتظامیہ سے پرزور مطالبہ کیا کہ ملوث افراد کے خلاف فوری، غیر جانبدار اور سخت کارروائی عمل میں لائی جائے،صرف گرفتاری تک محدود نہ رہتے ہوئے ان کی غیر قانونی جائیدادوں کے خلاف بھی قانونی اقدامات کیے جائیں، تاکہ قانون کی بالادستی کا واضح پیغام جائے۔
انہوں نے مزید کہا کہ جس طرح امراوتی میں غیر قانونی تعمیرات کے خلاف کارروائی کی گئی، اسی طرز پر ناسک میں بھی بلا امتیاز سخت اقدامات کیے جائیں۔ تنظیم کے کارگزار صدر مولانا عبدالرحیم پٹیل نے انتظامیہ کو متنبہ کرتے ہوئے کہا کہ اگر فوری اور منصفانہ کارروائی نہ کی گئی تو تنظیم جمہوری دائرے میں رہتے ہوئے سخت احتجاجی تحریک شروع کرنے پر مجبور ہوگی۔ وزیر اعلیٰ کے نام محضر پیش۔ ان تمام مطالبات پر مشتمل ایک مفصل محضر ریاست مہاراشٹر کے وزیر اعلیٰ کو وزیر سرپرست گلاب راؤ پاٹل کے توسط سے پیش کی گئی۔ اس موقع پر رکن اسمبلی پروفیسر چندر کانت سونونے، سنجے ساوکارے، ایم ایل اے انیل پاٹل اور ضلع کلکٹر روہن گھوگے بھی موجود تھے۔ اس وفد میں انیس شاہ، انور صیقلگر ، نجم الدین شیخ، سلیم انامدار، مظہر پٹھان، مظفر خان، طاہر شیخ، مولانا غفران، عارف دیشمکھ، صداقت سید، عبدالروف، سعید شیخ، صابر شیخ، رفیق پٹھان، اختر شیخ، وسیم شیخ اور ذکی پٹیل سمیت متعدد معزز شخصیات شریک تھیں۔
Comments
Post a Comment