جمعیت علماء تلنگانہ کی کوششوں سے ضلع نلگنڈہ میں لیبر کارڈ کی تقسیم عمل میں آئی۔
نلگنڈہ 27/ اپریل( نمائندہ) مولانا سید شاہ احسان الدین قاسمی صدر جمعیت علماء تلنگانہ کی خصوصی ہدایت پر ضلع نلگنڈہ کے تپرتی منڈل کے موضع امام پیٹ میں جمعیت علماء تپرتی یونٹ کے زیرِ اہتمام ایک اہم عوامی فلاحی پروگرام منعقد کیا گیا، جس میں مستحق افراد کے درمیان لیبر کارڈس کی تقسیم عمل میں آئی۔
اس پروگرام کے دوران تقریباً 50 مستحقین کو لیبر کارڈ فراہم کیے گئے، جس سے علاقے میں خوشی اور اطمینان کی لہر دوڑ گئی۔ یہ پروگرام جمعیت علماء ضلع نلگنڈہ کے جنرل سکریٹری مولانا اکبر خان اسعدی کی نگرانی میں کامیابی کے ساتھ انجام پایا۔
جمعیت کی مسلسل جدوجہد اور رہنمائی کے نتیجے میں ضلع کے مختلف دیہاتوں میں سینکڑوں افراد اپنے لیبر کارڈ بنوانے میں کامیاب ہوئے، جو کہ ایک بڑی سماجی خدمت اور قابلِ ستائش اقدام ہے۔
اس موقع پر جمعیت کے ذمہ داران اور مقامی معززین نے شرکت کرتے ہوئے اس پروگرام کو عوامی فلاح و بہبود کے لیے نہایت اہم قرار دیا۔ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے مقررین نے لیبر کارڈ کی اہمیت اور اس کے متعدد فوائد پر تفصیل سے روشنی ڈالی۔
انہوں نے بتایا کہ حکومت کی جانب سے لیبر کارڈ ہولڈرز کو مختلف فلاحی اسکیمات کے تحت مالی امداد فراہم کی جاتی ہے۔ خاص طور پر
لڑکی کی شادی کے موقع پر 30 ہزار روپے تک امداد
لڑکی کی پیدائش پر 30 ہزار روپے کی مالی مدد
سڑک حادثات کی صورت میں 4 لاکھ روپے تک انشورنس کور
حادثاتی موت کی صورت میں متاثرہ خاندان کو 10 لاکھ روپے تک امداد
مقررین نے عوام سے اپیل کی کہ وہ اس اہم سرکاری سہولت سے بھرپور فائدہ اٹھائیں اور جلد از جلد اپنا لیبر کارڈ بنوائیں۔ انہوں نے کہا کہ اس طرح کی اسکیمات کا مقصد معاشرے کے کمزور طبقات کو سہارا دینا اور ان کی معاشی حالت کو بہتر بنانا ہے۔
پروگرام کے اختتام پر مستحقین میں لیبر کارڈس تقسیم کیے گئے، اور جمعیت علماء کے ذمہ داران نے اس عزم کا اظہار کیا کہ آئندہ بھی اس طرح کے فلاحی پروگرام جاری رکھے جائیں گے تاکہ زیادہ سے زیادہ افراد اس سے مستفید ہو سکیں۔
اس موقع پر مفتی صہیب اسعدی صدر جمعیت علماء تپرتی یونٹ کے علاوہ دیگر اراکین اور مقامی افراد کی بڑی تعداد موجود تھی۔۔۔۔
Comments
Post a Comment