اردو میڈیم کی طالبہ لاونیاکی دہم جماعت کے اُردوپرچہ میں صدفیصد نشانات سے شاندار کامیابی، یارانِ ادب اور مسلم سماج بھالکی کی جانب سے اعزاز۔
بھالکی۔ 27/اپریل(نامہ نگار) بھالکی کی ہونہار طالبہ لاونیا بنت گنڈپا کو اُردو مضمون میں غیر معمولی کامیابی حاصل کرنے پر یارانِ ادب بھالکی اور مسلم سماج بھالکی کی جانب سے حسینی مسجد بھالکی کے احاطہ میں 26/اپریل اتوار کی سہ پہر ایک پروقار تقریب میں ”محمد عطا اللہ ایوارڈ“،سر ٹیفکیٹ اور 11,000 روپے نقد انعام سے نوازا گیا۔اس موقع پر جامع مسجد بھالکی کے امام و خطیب حضرت مولانا جلال الدین صاحب، یارانِ ادب بیدر کے سکریٹری جناب محمدیوسف رحیم بیدری، ریٹائرڈ بی سی او ڈائریکٹر جناب عنایت علی شندے، ”کروٹا“ (KRUTA) کے صدر جناب انصار اللہ بیگ، جناب محمد اسلم صاحب مدرس، ایڈوکیٹ بابو راؤ گاما، تعلقہ کانگریس کمیٹی کے صدر شیخ نصیر الدین اور صدر حسینی مسجد جناب سلیم چوہدری کا شال پوشی اور گل پوشی کے ساتھ والہانہ استقبال کیا گیا۔
مقررین کے خطاب کے اہم نکات:۔ جناب انصار اللہ بیگ (صدر کروٹا) نے کہا کہ لاونیا نے اُردو میں اعلیٰ نمبرات حاصل کر کے یہ ثابت کر دیا کہ زبان کا کسی خاص مذہب سے تعلق نہیں ہوتا۔ انہوں نے دعا دی کہ اللہ تعالیٰ لاونیا کو مزید کامیابی عطا کرے اور کہا کہ اس کامیابی کی صدر اب بنگلور تک جائے گی۔جناب عنایت علی شندے نے لاونیا کی محنت کی ستائش کرتے ہوئے کہا کہ سائنس اور ریاضی میں 100 فیصد نمبر لینا آسان ہے، لیکن زبان (Language) کے امتحان میں صدفیصد نشانات حاصل کرنا مشکل ہوتا ہے کیونکہ یہاں گرامر، اوقاف (Comma/Full stop) کا سخت خیال رکھنا پڑتا ہے۔ انہوں نے ذاتی طور پر لاونیاکو 2,000 روپے کی رقم بطور ِ نقد انعام سے نوازا۔ جامع مسجد بھالکی کے امام و خطیب مولانا جلال الدین صاحب نے اس کامیابی کو لاونیا کی ماں کی بہترین تربیت کا نتیجہ قرار دیا۔ انہوں نے اپنے مخصوص انداز میں تربیت کے قصے سناتے ہوئے کہا کہ ایک پڑھی لکھی ماں پورے خاندان کی کامیابی کی ضامن ہوتی ہے۔انھوں نے لاونیا کے روشن مستقبل کے لئے دعا کی۔
معروف صحافی اور شاعر جناب یوسف رحیم بیدری سکریڑی یارانِ ادب بیدر نے اپنے صدارتی خطاب میں کہا کہ لاونیانے بھالکی کا سر فخر سے بلند کر دیا ہے۔ موجودہ حالات میں یہ کامیابی بہت گہرے معنی رکھتی ہے۔ انہوں نے لاونیا کو ”میری بیٹی“ کہہ کر مخاطب کیا اورموجودہ سماج کے مختلف پہلوؤں پر مثبت روشنی ڈالی۔اپنی کامیابی پر بات کرتے ہوئے لاونیا نے اس کا سہرا اپنے اساتذہ، ہیڈ ماسٹر اور والدین کی انتھک محنت کے سر باندھا۔ ان کی والدہ محترمہ سنیتا اورجناب خلیل احمد ہیڈ ماسٹر، گورنمنٹ اردو ہائی اسکول بھاتمبرہ بھی موجودتھے۔ جناب محمد عظیم بادشاہ صدر یارانِ ادب بھالکی نے سبھی کااستقبال کیا۔
اعزازات کی پیشکشی:۔ ایم آئی ایم (MIM) ٹرسٹ بھالکی کے صدر رفیق بھائی انعامدار اور ممبران نے میسور ٹوپی اور شال پہنا کر لاونیاکی عزت افزائی کی۔ نیز نرملہ ہالمنڈگے پی یو کالج کے ایڈمنسٹریٹر اور اسٹاف نے بھی گل پوشی کی۔تقریب میں جناب شیخ علیم الدین، جناب معیز بھائی (صدر کے ڈی پی بھالکی)، جناب عبدالقدیر لشکری(منااکھیلی)، جناب شیخ انصار،جناب وہاب بھائی،جناب خالد منیا، جناب شیخ الیاس، ڈاکٹر اکبر علی،جناب زبیر احمد،جناب احمد شیخ، مسٹرجی رچنا،جناب سیف اللہ ایڈوکیٹ، جناب خواجہ بھائی، جناب ستار بھائی، میر معلمہ ناظرہ بیگم، شیخ نعیم النساء،محترمہ سعدیہ اور انجم احمد نے شرکت کی۔طالب علم مفتاح العلوم محمد عارف کی تلاوت ِ قرآن سے تقریب کاآغاز ہوا۔ماسٹر عبدالرحیم نے نعتِ رسول ﷺپیش کی۔ جناب آصف علی نے نظامت (Anchoring) کے فرائض انجام دئے۔ جناب اعظم ٹیچر نے اظہار تشکر کیا۔ اس بات کی اطلاع جناب عظیم بادشا ہ نے دی ہے۔
Comments
Post a Comment