تنظیم الہام، پونہ کی جانب سے شاندار طرحی شعری نشست کا انعقاد۔
تنظیم الہام، پونہ کی جانب سے شاندار طرحی شعری نشست کا انعقاد۔
پونہ (مہاراشٹرا)، 12 اپریل 2026:
تنظیم الہام، پونہ کے زیرِ اہتمام شہر میں ایک باوقار اور یادگار طرحی شعری نشست کا انعقاد اینا فاؤنڈیشن، نزد فخری ہلز، کونڈوہ، پونہ میں عمل میں آیا۔ اس ادبی نشست کو معروف کلاسیکی شاعر جگرؔ مرادآبادی سے منسوب کیا گیا، جس کے باعث محفل کو ایک خاص ادبی وقار اور سنجیدگی حاصل رہی۔نشست کے لیے جگرؔ مرادآبادی کے دو معروف مصرعے بطورِ طرح دیے گئے تھے۔ پہلا مصرع: "ہم سے زمانہ خود ہے زمانے سے ہم نہیں"
(قافیہ: ہم، کم، غم، دم وغیرہ / ردیف: نہیں / بحر: مفعول فاعلات مفاعیل فاعلن)
جبکہ دوسرا مصرع: "وہی دنیا بدلتے جا رہے ہیں"
(قافیہ: بدلتے، مچلتے، کچلتے، نکلتے وغیرہ / ردیف: جا رہے ہیں / بحر: مفاعیلن مفاعیلن فعولن)
اس بامقصد طرح نے شعرا کو نہ صرف فنی اظہار کا موقع فراہم کیا بلکہ کلاسیکی روایت سے جڑے رہنے کا حسین ذریعہ بھی ثابت ہوئی۔نشست کی صدارت جناب عبدالحمید ہنر صاحب (صدر، تنظیم الہام، پونہ) نے فرمائی، جبکہ مہمانانِ خصوصی میں جناب پریمی رومانی صاحب (مدیرِ اعلیٰ، عالمی میراث، پونہ)، جناب نذر فاطمی صاحب (پٹنہ) اور معروف نوجوان شاعر جناب آفتاب عالم شاہ نوری شامل تھے۔ نظامت کے فرائض نہایت خوش اسلوبی سے سُریندر سلیل صاحب نے انجام دیے۔محفل میں شہر کے مختلف شعراء کرام نے شرکت کی اور اپنے کلام سے سامعین کو محظوظ کیا۔سامعین میں امریکہ کا چار شرکاء ایسے تھے گزشتہ سات برس سے پونہ میں مقیم ہیں اور ڈاکٹری پیشے سے جڑے ہیں ان کی اس اردو دوستی نے محفل کی رونق بڑھائی ۔ جن شعراء نے اپنا کلام پیش کیا ان میں عبدالحمید ہنر، پریمی رومانی، نذر فاطمی، آفتاب عالم شاہ نوری، ضیا باغپتی، میر حلیم زیدی، تنویر احمد تنویر، کوثر جہاں، ڈاکٹر طوبیٰ چودھری، حمیدہ حکیم، کلیم جاوید، میڈی کرسٹی، مصیب اعظمی، دانش جعفری، آکاش راٹھوڑ، نوید امام اور تحسین کبریا شامل تھے۔
چند منتخب اشعار نے سامعین سے خصوصی داد وصول کی، مثلاً:
دانش جعفری:
ہم زندگی میں بھیڑ کا حصہ نہیں بنے
ہم سے زمانہ خود ہے، زمانے سے ہم نہیں
مصیب اعظمی:
ظالم سے جیت کر کے ہمیں یہ پتا چلا
ہم سے زمانہ خود ہے، زمانے سے ہم نہیں
کلیم جاوید:
اندر سے زخم زخم ہیں باہر سے ہم نہیں
یعنی ہمارا درد سمندر سے کم نہیں
میڈی کرسٹی:
اُس راہ پر بھی راہ تیری دیکھتا ہوں میں
جس راہ پر کسی کے نشانِ قدم نہیں
نوید امام:
نہیں آتا جنہیں خود کو بدلنا
وہی دنیا بدلتے جا رہے ہیں
رب کی رضا ہےطاعتِ خیر الانام ﷺ میں
نادان ہی مطیعِ شہِ ذی حشم ﷺ نہیں
ہم اہلِ فکر ، شاہِ زمن ﷺ کے ہیں تابعیں
"ہم سے زمانہ خود ہے زمانے سے ہم نہیں"
ڈاکٹر طوبیٰ چودھری
نشست کے اختتام پر صدرِ محفل نے تمام شعراء اور سامعین کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ ایسی ادبی محافل زبان و ادب کے فروغ میں اہم کردار ادا کرتی ہیں اور نئی نسل کو کلاسیکی شعری روایت سے جوڑے رکھنے کا ذریعہ بنتی ہیں۔یہ نشست پونہ کے ادبی حلقوں میں دیر تک یاد رکھی جائے گی۔
Comments
Post a Comment