سولاپور: سلطان اختر کی ادبی خدمات پر تیسری کتاب منظرِ عام پر، ادبی حلقوں میں مسرت کا اظہار۔


سولاپور (اقبال باغبان) بھارتیہ اردو وکاس فاؤنڈیشن سولاپور کے صدر، ممتاز جواں سال صحافی اور افسانچہ نگار جناب سلطان اختر کی شخصیت اور ان کے ادبی سفر پر مبنی تیسری کتاب منظرِ عام پر آ گئی ہے۔ اس اہم تصنیف کو مشہور ادیب و افسانچہ نگار جناب ش۔ شکیل نے نہایت محنت اور خلوص سے مرتب کیا ہے۔
واضح رہے کہ سلطان اختر کی ادبی خدمات پر یہ تیسری پیشکش ہے۔ اس سے قبل جواں سال ناقد غلام ثاقب (بیڑ) نے ان پر پہلی کتاب تحریر کی تھی، جس کے بعد سینئر شاعر و ادیب جناب ارشد صدیقی نے "حرف حرف پیرہن" کے عنوان سے دوسری کتاب مرتب کی تھی۔ اب ش۔ شکیل کی مرتبہ یہ تیسری کتاب منظرِ عام پر آنا سلطان اختر کی ادبی مقبولیت کا ثبوت ہے۔
حال ہی میں سلطان اختر نے یہ تازہ ترین کتاب سینئر صحافی و شاعر جناب ایوب نلامندو، شہر کے فعال صحافی اقبال باغبان اور سینئر معلم محمد حسین تامبولی کو ان کی رہائش گاہ پر پیش کی۔اس موقع پر اظہارِ خیال کرتے ہوئے ایوب نلامندو نے سلطان اختر اور مرتبِ کتاب ش۔ شکیل کو ہدیہ تبریک پیش کرتے ہوئے کہا کہ سلطان اختر ایک متحرک شخصیت کے مالک ہیں جو نمائش سے دور رہ کر خاموشی کے ساتھ اردو زبان و ادب کی گراں قدر خدمات انجام دے رہے ہیں۔ انہوں نے مزید کہا کہ ش۔ شکیل نے اس کتاب کو ترتیب دے کر ایک اہم علمی ضرورت کو پورا کیا ہے۔ صحافی اقبال باغبان اور محمد حسین تامبولی سلطان اختر کو تہنیت پیش کرتے ہوئے ان کے روشن مستقبل کے لیے نیک خواہشات کا اظہار کیا۔ سلطان اختر نے تمام احباب کا شکریہ ادا کیا اور اپنی ادبی و صحافتی سرگرمیوں کو مزید تندہی سے جاری رکھنے کے عزم کا اعادہ کیا۔

Comments

Popular posts from this blog

پانگل جونیئر کالج میں نیٹ, جی میں کامیاب طلباء کا استقبال۔

شمع اردو اسکول سولاپور میں کھیلوں کے ہفتہ کا افتتاح اور پی۔ایچ۔ڈی۔ ایوارڈ یافتہ خاتون محترمہ نکہت شیخ کی گلپوشہ

رتن نیدھی چیریٹیبل ٹرسٹ ممبئی کی جانب سے بیگم قمر النساء کاریگر گرلز ہائی اسکول اینڈ جونیئر کالج کو سو کتابوں کا تحفہ۔