مثالی معلم محمد رفیق شیخ کا آر سی ماہم اسکول میں تعلیمی دورہ ،طلبہ کو بتاۓ کامیابی کے گُر۔
جلگاؤں ( عقیل خان بیاولی) : ممبئی میونسپل کارپوریشن کے ہر دلعزیز استاد نامور صحافی اور بیسٹ ٹیچر اسٹیٹ ایوارڈ یافتہ محمد رفیق شیخ نے تعلیمی شخصیت ڈاکٹر عمران امین کی ایماء پر آر سی ماہم اسکول کیمپس کا دورہ کیا۔ اس موقع پر انہوں نے طلباء کی حوصلہ افزائی بھی کی۔ محمد رفیق شیخ، جو مہاراشٹر اسٹیٹ اردو ساہتیہ اکیڈمی کے سابق رکن اور سبکدوش صدر مدرس ہیں،اسکالر شپ امتحان میں شرکت کرنے والے طلباء کی خصوصی رہنمائی کی۔ موصوف نے انتہائی دلچسپ اور مشفقانہ انداز میں بچوں سے گفتگو کرتے ہوئے تعلیم کی اہمیت و افادیت پر روشنی ڈالی اور انہیں اسکالرشپ امتحان ، مسابقتی امتحانات کے فوائد سے بھی آگاہ کیا۔ موصوف نے علم ریاضی اور ذہنی آزمائش (Mental Ability) کے پیچیدہ سوالات کو حل کرنے کے آسان اور جادوئی طریقے بتائے، جسے طلبہ نے نہ صرف دلچسپی سے سیکھا بلکہ بہت پسند بھی کیا۔ اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے ڈاکٹر عمران امین نے کہا کہ محمد رفیق شیخ ایک معلم ہونے کے ساتھ ساتھ بہترین سماجی خدمت گار ہیں جو سبکدوشی کے گیارہ سال بعد بھی تعلیم و تعلم کے میدان میں پہلے کی طرح آج بھی سرگرم عمل اور تر و تازہ نظر آتے ہیں۔ وہ صحیح معنوں میں: "میں چراغِ رہ گزر ہوں، مجھے شوق سے جلاؤ" کی عملی تصویر ہیں اور ہر لمحہ دوسروں کی خدمت اور رہنمائی کے لیے تیار رہتے ہیں۔ انھوں نے محمد رفیق شیخ کا شکریہ ادا کیا کہ وہ اپنی مصروفیات کے باوجود وقت نکالا اور طلباء کو اپنے وسیع تجربات سے مالا مال کرنے کی خاطر ادارہ میں پہنچے ۔
Comments
Post a Comment