جنگ کسی بھی مسئلے کا مستقل حل نہیں، بلکہ اس کے نتیجے میں معصوم انسانوں کی جانیں ضائع ہوتی ہیں: جناب اَطہر اللہ شریف۔
بیدر 15اپریل( نامہ نگارمحمد عبدالصمد) بیدر شہر کی تاریخی جامع مسجد میں ایک اہم علمی و فکری نشست کا انعقاد عمل میں آیا، جس میں ممتاز دانشور، سابق سینئر صحافی (سالر، ٹائمز آف انڈیا)، معروف کالم نگار (ہفت روزہ ریڈیئنس)، دہلی کے معروف نیوز پورٹل سے وابستہ تجزیہ کار، اور سابق امیرِ حلقہ جماعتِ اسلامی ہند، کرناٹک، جناب اطہر اللہ شریف صاحب نے “امریکہ ٬ایران جنگ سے حاصل شدہ سبق” کے موضوع پر نہایت مدلل اور بصیرت افروز خطاب فرمایا۔پروگرام کا آغاز جناب ظفر اللہ خان، رکن جماعتِ اسلامی ہند، بیدر کے درسِ قرآن سے ہوا، جس میں انہوں نے سورہ کہف کے آخری رکوع کا درس پیش کرتے ہوئے ایمان، صبر اور آزمائش کے اہم پہلووں پر روشنی ڈالی۔ اس پروگرام کی کارروائی جناب عارف الدین نے بحسن و خوبی انجام دی۔اس موقع پر جماعتِ اسلامی ہند، بیدر کے ذمہ داران میں محمد معظم صدر، محمد صلاح الدین معاون صدر اور ڈاکٹر ارشاد نوید معاون صدر بھی موجود تھے۔اپنے خطاب میں جناب اَطہر اللہ شریف نے موجودہ عالمی حالات پر روشنی ڈالتے ہوئے کہا کہ دنیا میں بڑھتی ہوئی طاقت کی سیاست اور جنگی ماحول نے انسانیت کو شدید متاثر کیا ہے۔ انہوں نے زور دے کر کہا کہ جنگ کسی بھی مسئلے کا مستقل حل نہیں، بلکہ اس کے نتیجے میں معصوم انسانوں کی جانیں ضائع ہوتی ہیں اور معاشرے تباہی کا شکار ہو جاتے ہیں۔ انہوں نے ایران کی مثال دیتے ہوئے کہا کہ سخت پابندیوں اور دباوکے باوجود صبر، استقامت اور خود انحصاری کے ذریعے ایک قوم اپنے وجود کو برقرار رکھ سکتی ہے۔ انہوں نے نوجوانوں کو اتحاد، ایمان اور قربانی کے جذبے کو اپنانے کی تلقین کی۔ انہوں نے اس بات پر بھی زور دیا کہ میڈیا کے کردار کو سمجھنا نہایت ضروری ہے، کیونکہ بعض اوقات عالمی طاقتیں حقائق کو مسخ کر کے پیش کرتی ہیں۔ اس لیے عوام کو چاہیے کہ وہ ہر خبر کو تحقیق اور شعور کے ساتھ قبول کریں۔ پروگرام میں شہر کے معززین، علماءکرام، طلبہ اور عوام کی بڑی تعداد نے شرکت کی اور خطاب کو بے حد سراہا۔
اس پروگرام کی اطلاع جماعتِ اسلامی ہند، بیدر کے میڈیا انچارج جناب محمد آصف الدین نے فراہم کی۔آخر میں دعا کے ساتھ پروگرام کا اختتام عمل میں آیا۔
Comments
Post a Comment