جمیعت علماء مہاراشٹر کے نائب صدر مفتی محمد ہارون ندوی کی عیادت، خاندیش اردو کونسل کی جانب سے پُروقار اعزاز۔
جلگاؤں (نامہ نگار): جمیعت علماء (ارشد مدنی) مہاراشٹر کے ریاستی نائب صدر، معروف عالمِ دین اور وائرل نیوز چینل کے ڈائریکٹر مفتی محمد ہارون ندوی کے حالیہ آپریشن کے بعد بحمد اللہ صحت یابی پر خاندیش اردو کونسل جلگاؤں کی جانب سے اُن کی عیادت کرتے ہوئے نہایت پُروقار انداز میں اعزاز پیش کیا گیا۔ تفصیلات کے مطابق خاندیش اردو کونسل کے عہدیداران و اراکین نے مفتی ہارون ندوی کے دولت کدہ پر پہنچ کر اُن کی خیریت دریافت کی اور صحتِ کاملہ کے لیے نیک تمناؤں اور دعاؤں کا اظہار کیا۔ اس موقع پر معزز مہمانوں نے شال اور گلہائے عقیدت پیش کرتے ہوئے اُن کی علمی، دینی اور صحافتی خدمات کو زبردست خراجِ تحسین پیش کیا۔ دوران گفتگو سینئر صحافی و فری جرنلسٹ عقیل خان بیاولی، ممتاز افسانہ نگار و صحافی سعید پٹیل، ادارہ کے کوآرڈینیٹر نوشاد حمید نے اپنے تاثرات میں کہا کہ ملت کے مخلص خادمین دراصل قوم کا قیمتی سرمایہ ہوتے ہیں۔ انہوں نے بالخصوص اردو صحافت کے فروغ، مثبت نمائندگی اور اعلیٰ اخلاقی قدروں کی پاسداری میں مفتی ہارون ندوی کی خدمات کو سراہا۔ سعید پٹیل نے اپنی گفتگو میں اس بات پر زور دیا کہ اردو صحافیوں کو چاہیے کہ وہ اپنی ذمہ داریوں کو دیانتداری اور حسنِ اخلاق کے ساتھ نبھاتے ہوئے سماج کی صحیح ترجمانی کریں۔ انہوں نے ملت کے تمام خادمین کی صحت، سلامتی اور استحکام کے لیے خصوصی دعا بھی کی۔ اس موقع پر مشتاق بہشتی، (پپو سیٹھ) مصطفیٰ بہشتی، پترکار اعجاز گلاب شاہ، عاصم خان اور مفتی صاحب کے قریبی رشتہ دار یونس الٰہی بخش سمیت دیگر معززین بھی موجود تھے۔ اختتام مفتی محمد ہارون ندوی کی مکمل صحت یابی اور ملتِ اسلامیہ کی فلاح و بہبود کے لیے اجتماعی دعا کے ساتھ عمل میں آیا۔
Comments
Post a Comment