بیدر میں ٹرانسفارمر میں آگ، عوام میں خوف ٬جسکام کی لاپروہی پر شدید تشویش، منتقلی و مکمل مرمت کا مطالبہ۔
بیدر، 18 اپریل (نامہ نگار) محلہ راؤ تعلیم بیدر، بلدیہ وارڈ نمبر 1 میں کل شام مغرب کے وقت برقی پول نمبر 212728 سے منسلک ٹرانسفارمر میں اچانک آگ بھڑک اٹھی، جس کے باعث علاقے کے عوام میں شدید خوف و ہراس پھیل گیا۔ آگ لگنے کے فوراً بعد مقامی افراد نے متعلقہ محکمہ جسکام (JESCOM) کو اطلاع دی۔ اطلاع ملتے ہی جسکام عہدیداران اور فائر بریگیڈ کا عملہ موقع پر پہنچا اور بروقت کارروائی کرتے ہوئے آگ پر قابو پا لیا، جس سے کسی بڑے حادثے کو ٹال دیا گیا، بعد ازاں جسکام کے عہدیداران نے متاثرہ ٹرانسفارمر کی وقتی مرمت کا کام انجام دیا۔ مقامی عوام نے بتایا کہ مذکورہ ٹرانسفارمر سے مسلسل غیر معمولی آوازیں (بھنبھناہٹ) آرہی ہیں، جس سے یہ واضح ہوتا ہے کہ اس کی مکمل درستگی نہیں کی گئی ہے، عوام نے اس پر سخت تشویش کا اظہار کرتے ہوئے فوری اور مکمل مرمت کا مطالبہ کیا ہے۔ اہلِ علاقہ نے مزید کہا کہ اس قسم کی لاپروہی کسی بھی وقت بڑے جانی یا مالی نقصان کا سبب بن سکتی ہے، اور اگر مستقبل میں کوئی نقصان ہوتا ہے تو اس کی مکمل ذمہ داری متعلقہ محکمہ جسکام پر عائد ہوگی۔ ٹرانسفارمر کے اطراف لگائی گئی لوہے کی فینسنگ بھی بوسیدہ ہوچکی ہے، جس سے حادثات کے خدشات بڑھ گئے ہیں۔ واضح رہے کہ اس مقام کے اطراف اسکول، کالج، مساجد اور رہائشی علاقے موجود ہیں، جہاں دن رات عوام کی آمد و رفت رہتی ہے، اس سے قبل بھی شدید برقی رو زمین میں دوڑنے کے واقعات پیش آچکے ہیں، جس کے نتیجے میں کئی جانور ہلاک ہوچکے ہیں۔ عوام نے متعلقہ حکام سے پرزور مطالبہ کیا ہے کہ ٹرانسفارمر کو فوری طور پر یہاں سے منتقل کیا جائے، اس کی مکمل اور معیاری مرمت کی جائے، نیز مضبوط حفاظتی انتظامات کو یقینی بنایا جائے تاکہ کسی بھی بڑے حادثے سے بچا جا سکے۔
Comments
Post a Comment