ضلع پریشد اردو بوائز اسکول بودوڈ میں شاندار انعامی و تہنیتی تقریب کا انعقاد۔


امراوتی (راست) ضلع پریشد اردو بوائز اسکول بودوڈ میں جماعت ششم کے طلبہ کے لیے تعلیمی سال میں کئی قسم کے مقابلے منعقد کیے گئے تھے۔اب تعلیمی سال کے آخر میں ایک شاندار اور پروقار انعامی و تہنیتی تقریب کا انعقاد کیا گیا، جس میں طلبہ کی تعلیمی و ہم نصابی کارکردگی کو سراہتے ہوئے مختلف مقابلوں کے انعامات تقسیم کیے گئے۔تقریب میں نمایاں کارکردگی دکھانے والے طلبہ میں ،سروش اظہارالدین شیخ کو چیمپئن شپ ٹرافی، انس ذاکر پنچاری کو اسٹوڈنٹ آف دی ایئر ایوارڈ، عزیف الطاف پنچاری کو آئیڈیل اسٹوڈنٹ ایوارڈ اور الفیض یونس پنچاری کو بیسٹ اسٹوڈنٹ کے اعزازات سے نوازا گیا۔اس موقع پر مختلف مقابلوں جیسے ماڈل میکنگ، مراٹھی و انگریزی خطاطی، تصویر رنگ آمیزی، بی کوئک ٹیسٹ، جنرل نالج ٹیسٹ اور مکمل حاضری کے شعبوں میں نمایاں طلبہ کو بھی ٹرافیز اور میڈلز دے کر ان کی حوصلہ افزائی کی گئی۔ خصوصی طور پر ماہِ رمضان المبارک میں 30 روزے رکھنے والے طلبہ کی بھی عزت افزائی کی گئی، جن میں بعض طلبہ نے قرآن مجید کی مکمل تلاوت کا شرف حاصل کیا، جو نہایت قابلِ فخر اور قابلِ ستائش عمل ہے۔تقریب کا ایک اہم حصہ CTET میں کامیاب اساتذہ کے اعزاز میں تہنیتی پروگرام تھا جس میں، مظہر شاہ سر، زین العابدین سر، شارق زبیر سر اور نکہت انجم کو جماعت ششم کے طلبہ اور صدر مدرس کی جانب سے پھول اور تحائف پیش کرکے ان کا پرتپاک استقبال اور ستکار کیا گیا۔
اس بامقصد تقریب کی صدارت صدر مدرس جاوید شاہ سر نے فرمائی، جبکہ جاوید خان سر اور سید کاظم الدین سر نے پروگرام کو کامیاب بنانے میں بھرپور تعاون پیش کیا۔طلبہ کے والدین اور سرپرستوں نے بڑی تعداد میں شرکت کرتے ہوئے پروگرام کو سراہا اور اساتذہ کی کاوشوں کی بھرپور تعریف کی۔ اساتذہ کرام نے بھی اپنے خیالات کا اظہار کرتے ہوئے طلبہ کی حوصلہ افزائی کی اور انہیں مستقبل میں مزید محنت کرنے کی ترغیب دی۔پروگرام کی نظامت جماعت ششم کی معلمہ نکہت انجم نے انجام دی، جبکہ اس کامیاب تقریب کے انعقاد اور انعامات کی فراہمی بھی انہی کی جانب سے کی گئی، جو ان کی محنت، خلوص اور طلبہ سے محبت کا واضح ثبوت ہے۔تقریب کا مقصد طلبہ میں تعلیمی و اخلاقی ترقی کے ساتھ ساتھ مقابلہ جاتی جذبہ پیدا کرنا تھا، جس میں تمام شرکاء نے بھرپور جوش و خروش کا مظاہرہ کیا۔

Comments

Popular posts from this blog

پانگل جونیئر کالج میں نیٹ, جی میں کامیاب طلباء کا استقبال۔

رتن نیدھی چیریٹیبل ٹرسٹ ممبئی کی جانب سے بیگم قمر النساء کاریگر گرلز ہائی اسکول اینڈ جونیئر کالج کو سو کتابوں کا تحفہ۔

شمع اردو اسکول سولاپور میں کھیلوں کے ہفتہ کا افتتاح اور پی۔ایچ۔ڈی۔ ایوارڈ یافتہ خاتون محترمہ نکہت شیخ کی گلپوشہ