جلگاؤں؛ سلیمان خان موب لنچنگ معاملہ جوابدہی پر اٹھتے سوالات۔
جلگاؤں (عقیل خان بیاولی): جامنیر میں پیش آئے سلیمان خان موب لنچنگ کیس میں 90 دن کے اندر چارج شیٹ داخل نہ کیے جانے کے باعث چار ملزمین کو حاصل ہونے والی ڈیفالٹ ضمانت نے عدالتی اور انتظامی نظام پر سنگین سوالات کھڑے کر دیے ہیں۔اس فیصلے کے خلاف دائر عرضداشت میں ترمیم کرتے ہوئے مرکزی شکایت کنندہ فریق اور“ایکتا سنگھٹنا” کی جانب سے ہائی کورٹ میں مؤثر پیروی کی گئی۔ اورنگ آباد بنچ نے 23 اپریل کو سخت رویہ اختیار کرتے ہوئے متعلقہ تین افسران جامنیر کورٹ کے اسسٹنٹ رجسٹرار، ایس آئی ٹی سربراہ اور مقامی پولیس انسپکٹر، کو نوٹس جاری کر کے جوابدہی طے کرنے کی سمت ایک اہم قدم اٹھایا ہے۔
عدالت کی اس فعال مداخلت کے بعد انتظامی حلقوں میں ہلچل دیکھی جا رہی ہے۔ قابلِ ذکر ہے کہ جلگاؤں سیشن کورٹ میں بھی ڈیفالٹ ضمانت کی منسوخی کے لیے عرضداشت زیرِ سماعت ہے، تاہم تاحال کوئی ٹھوس فیصلہ سامنے نہیں آ سکا ہے۔
اس تاخیر پر ناراضگی ظاہر کرتے ہوئے “ایکتا سنگھٹنا” کے عہدیداران نے اسے “انصاف میں تاخیر، انصاف سے محرومی” قرار دیا ہے۔
یہ پورا معاملہ نہ صرف مقامی عدالتی عمل بلکہ پولیس اور انتظامیہ کے باہمی تال میل پر بھی سوالیہ نشان قائم کرتا ہے۔ ہائی کورٹ کی مداخلت اس امر کی واضح علامت ہے کہ اب جوابدہی کو یقینی بنانا ناگزیر ہو چکا ہے۔
یہ معلومات “ایکتا سنگھٹ” کے کوآرڈی نیٹر فاروق شیخ نے فراہم کی ہیں۔
Comments
Post a Comment