جی ایم کالج اسٹڈی سینٹر میں بی اے فائنل ایئر کے طلبہ کے لیے ''روزگار کے مواقع اور جاب اسکلز''پر رہنمائی لکچر۔


بھیونڈی: (عبدالعزیز انصاری) یشونت راؤ چوہان مہاراشٹر اوپن یونیورسٹی (YCMOU) کے زیرِ اہتمام جاری جی ایم مومن ویمنس کالج اسٹڈی سینٹر میں بی اے فائنل ایئر کے طلبہ و طالبات کے لیے“روزگار کے مواقع اور جاب اسکلز”کے موضوع پر ایک بامقصد رہنمائی لکچربروز اتوار 19اپریل 2026کو رئیس ہائی اسکول اینڈ جونیئر کالج کے اردو بسیرا آڈیٹوریم میں منعقد ہوا۔ اس پروگرام کا مقصد طلبہ کو موجودہ دور کے تقاضوں سے ہم آہنگ کرنا اور انہیں مختلف شعبوں میں بہتر کیریئرکے مواقع اور جاب اسکلز سے روشناس کرانا تھا۔پروگرام کا آغاز شیخ ارباز اشفاق کی تلاوتِ کلامِ پاک سے ہوا۔پروگرام میں مقررِ خاص کے طور پر فہیم عبدالباری مومن اور مہمانِ اعزازی کے طور پر سابق ہیڈ ماسٹر اورہندی روزنامہ نوبھارت ٹائمس کے نمائندہ وی. کے. سنگھ موجود تھے۔اسٹڈی سینٹر کے کوآرڈینیٹر عبدالعزیز انصاری نے مہمانان کا استقبال تحائف اور گلوں سے کیا۔اپنے خطاب میں معروف کیریئرکونسلر فہیم عبدالباری مومن نے طلبہ کو بدلتے ہوئے روزگار کے رجحانات، پیشہ ورانہ مہارتوں اورجدید تقاضوں پر تفصیل سے روشنی ڈالی۔ انہوں نے اس بات پر زور دیا کہ صرف ڈگری کافی نہیں ہوتی اس کے ساتھ عملی مہارتیں (Practical Skills)، کمیونیکیشن اسکلز، ڈیجیٹل لٹریسی اور انٹرپرسنل اسکلز کا ہونا بھی بے حد ضروری ہے۔انہوں نے ریزیوم تیار کرنے، انٹرویو کی مؤثر تیاری اور پروفیشنل نیٹ ورکنگ کے اہم اصولوں سے بھی طلبہ کو آگاہ کیا۔سیشن کے دوران طلبہ کو آئی ٹی، تعلیم، بینکنگ اور بزنس مینجمنٹ جیسے مختلف شعبوں میں دستیاب روزگار کے مواقع کے بارے میں جامع معلومات فراہم کی گئی۔اس موقع پر طلبہ نے اپنے کیریئر سے متعلق مختلف سوالات پوچھے اور ماہرین سے رہنمائی حاصل کی۔وی کے سنگھ صاحب نے اپنے خطاب میں کہا کہ اس طرح کے پروگراموں سے طلبہ کی معلومات کے ساتھ خود اعتمادی میں خاطر خواہ اضافہ ہوتا ہے۔پروگرام کی نظامت صوفیہ مومن نے خوش اسلوبی سے انجام دی، جبکہ اظہارِ تشکر کا فریضہ ڈاکٹر ابو سعد اعجاز نے انجام دیا۔پروگرام کے کامیاب انعقاد میں اعجاز ہاشمی سر اور طہور مومن کی خصوصی کاوشیں بھی قابلِ ستائش رہیں۔

Comments

Popular posts from this blog

پانگل جونیئر کالج میں نیٹ, جی میں کامیاب طلباء کا استقبال۔

شمع اردو اسکول سولاپور میں کھیلوں کے ہفتہ کا افتتاح اور پی۔ایچ۔ڈی۔ ایوارڈ یافتہ خاتون محترمہ نکہت شیخ کی گلپوشہ

رتن نیدھی چیریٹیبل ٹرسٹ ممبئی کی جانب سے بیگم قمر النساء کاریگر گرلز ہائی اسکول اینڈ جونیئر کالج کو سو کتابوں کا تحفہ۔