قرآنِ مجید پوری انسانیت کے لیے ہدایت ہے - عید ملن تقریب میں سماجی ہم آہنگی اور بھائی چارے کا عملی مظاہرہ۔
بارشی ٹاکلی، 7 اپریل (ڈاکٹر تہمینہ تنویر) بارشی ٹاکلی میں سدبھاؤنا منچ اور جماعتِ اسلامی ہند کے مشترکہ زیرِ اہتمام عید ملن تقریب دیاوان فنکشن ہال میں نہایت شاندار انداز میں منعقد ہوئی۔ اس تقریب میں مختلف مذاہب اور طبقاتِ فکر سے تعلق رکھنے والے افراد نے کثیر تعداد میں شرکت کی، جس سے باہمی محبت، رواداری اور قومی یکجہتی کا خوبصورت پیغام عام ہوا۔
تقریب کی صدارت معروف عالمِ ادب پروفیسر سید سلمان شیرو (پُوسد) نے کی، جبکہ مہمانانِ خصوصی میں تحصیلدار رویندر کاپسیکر، پولیس انسپکٹر پروین دھومال، چیف ایگزیکٹو آفیسر راہل کنکال، نعیم الدین، مولوی عبدالسلام، چندرکانت واٹمارے اور ہری داس رتنپارکھی سمیت دیگر معزز شخصیات شریک تھیں۔
پروگرام کا آغاز تلاوتِ کلامِ پاک سے ہوا، جس کے بعد مہمانان کا استقبال کیا گیا۔ مقررین نے اپنے خطابات میں عید کے پیغام کو اجاگر کرتے ہوئے محبت، بھائی چارہ، سماجی مساوات اور قومی یکجہتی کی اہمیت پر زور دیا۔
اپنے صدارتی خطاب میں پروفیسر سید سلمان نے کہا کہ قرآنِ مجید صرف مسلمانوں کے لیے نہیں بلکہ پوری انسانیت کے لیے ہدایت کا سرچشمہ ہے۔ انہوں نے سیرتِ نبوی ﷺ کو بہترین نمونہ قرار دیتے ہوئے کہا کہ موجودہ دور میں بڑھتی ہوئی بے راہ روی، نفرت اور انتشار کا مؤثر حل اسلامی تعلیمات، باہمی احترام اور رواداری میں پوشیدہ ہے۔ انہوں نے ایک پُرامن اور متوازن معاشرے کی تشکیل پر زور دیا۔
تقریب کے ذریعے یہ پیغام دیا گیا کہ عید جیسے مواقع نہ صرف خوشیاں بانٹنے کا ذریعہ ہیں بلکہ مختلف طبقات کے درمیان تعلقات کو مضبوط بنانے کا بھی بہترین موقع فراہم کرتے ہیں۔ اس موقع پر مختلف مذاہب کے افراد کی شرکت نے اتحاد و یگانگت کی عملی مثال پیش کی۔
تقریب کی نظامت ذوالقرنین نے انجام دی جبکہ آخر میں حسین خان صاحب نے اظہار تشکر پیش کیا۔ پروگرام کے کامیاب انعقاد پر جماعتِ اسلامی ہند، بارشی ٹاکلی کے کارکنان کو مبارکباد پیش کی گئی۔
Comments
Post a Comment