حضرت خواجہ سید تاج الدین شیر سوار رحمة اللہ علیہ بسواکلیان کا 648 واں عرس شریف۔
بیدر 7/اپریل (نامہ نگارمحمد عبدالصمد) خواجہ محمد مصباح الحسن جاگیردار جانشین سجادہ نشین بارگاہِ عالیہ حضرت شیر سوار ؒ بسواکلیان ، ضلع بیدر کی پریس نوٹ کے بموجب شوال المکرم کی 21,22,23 مطابق 10,11,12 اپریل 2026ء قطب کلیانی ؒ کا 648 واں عرس سراپا قدس بصد عقیدت واحترام منایا جارہاہے ۔ جلوس ِصندل مبارک 10 اپریل بروز جمعہ بعد نماز مغرب بارگاہِ حسین سے روانہ ہوکر شہر کی مختلف شاہ راہوں سے گزرتا ہوا رات دیر گئے بارگاہ عالیہ حضرت شیرسوار ؒ پہنچے گا۔نماز فجر سے پہلے صندل مالی انجام دی جائے گی ۔صندل مالی اور عرس شریف کے تمام مراسم ومحافل تقدس مآب پیر طریقت حضرت مولانا خواجہ ضیاءالحسن جاگیر دار صاحب قبلہ شاہ منوری چشتی نظامی شیر سواری موروثی سجادہ نشین ومتولی بارگاہ حضرت شیر سوار ؒ کے دست مبارک ،سرپرستی ونگرانی میں انجام پائیں گے۔ 11 اپریل بروز پیر بعد نماز مغرب چراغاں روشن کئے جائیں گے اور بعد نماز عشاءجلوس جھیلہ بارگاہ حسین سے نکل کر بارگاہ شیر سوار ؒ پہنچے گا اور ساتھ ہی عظیم الشان پیمانے پر جلسہ فیضان اولیاءاللہ کا انعقاد عمل میں لایا جائے گا ۔ اس جلسہ سے مقرر ذیشان حضرت علامہ مولانا مفتی محمد حنیف قادری صاحب قبلہ بانی وناظم اعلیٰ مدرسہ بھجة الانوار حیدرآباد کے علاوہ خطیب ذیشان نبیرہ غوث اعظم حضرت علامہ مولانا مفتی سید شاہ حسینی پیراں صاحب قبلہ سب ایڈیٹر آل انڈیاگیسودراز ریسرچ اکیڈمی بارگاہ بندہ نواز ؒ گلبرگہ مخاطب فرمائیں گے ۔تلاوت کلام پاک حضرت ڈاکٹر خواجہ ذیشان الحسن جاگیردار چشتی صاحب بسواکلیان پڑھنے کی سعادت حاصل کریں گے،نعت شریف کانذرانہ حضرت خواجہ نور احمد شاہ قادری چشتی نظامی شیرسوار ،حیدرآبادکے علاوہ حضرت الحاج محمد معین الدین انجینئر صاحب چشتی نظامی شیر سوار ،گلبرگہ پیش کریں گے۔منقبت شیر سوار ؒ حضرت عبد الجبار صاحب چشتی نظامی شیر سوار ،بسواکلیان پیش کریں گے۔ 12اپریل بروز منگل بعد نماز عصر درگاہ شریف میں زیارت کا اہتمام ہوگا جس میں قرآن خوانی ،شجرہ خوانی ،فاتحہ درودوسلام کے بعد تبرکات تقسیم کئے جائیں گے اور بعد نماز عشاءمحفل سماع کا انعقاد عمل میں لایا جائے گا،جس میں معروف قوال کلام سنائیں گے۔ عرس شریف کے محافل میں شہزادہ غوث اعظم حضرت سید شاہ حیدر ولی نبیرہ قادری صاحب قبلہ سجادہ نشین بارگاہ قادریہ نیلنگہ شریف (مہاراشٹرا)٬فضیلت مآب نور المشائخ حضرت سید شاہ خلیل اللہ حسینی صاحب قبلہ برادرسجادہ نشین بارگاہ شیر سوار ؒ گلسرم شریف ، حضرت الحاج سید شاہ سجاد محی الدین قادری صاحب چشتی ملتانی سجادہ نشین درگاہ حضرت دادا پیر ؒ بیدر،تقدس مآب حضرت سید شاہ نصر اللہ حسینی صاحب قبلہ سجادہ نشین بارگاہ قطب ثانی ؒ بیدر شریف ، حضرت سید شاہ محمد انوار حسین قادری نظامی صاحب قبلہ گدی نشین آستانہ حضرت رکن الدین تولہ ؒ گلبرگہ ،حضرت سید شاہ احمد حسینی صاحب قبلہ برادر سجادہ نشین بارگاہِ کولم پلی ،حضرت مولانا ڈاکٹر سید شاہ تنویر عالم قادری صاحب قبلہ شیخ الحلقہ بارگاہِ موسویہ حیدرآباد،حضرت سید شاہ حامد سر بقا قادری صاحب سجادہ نشین بارگاہ حضرت امیر الدین شاہ قادری بسواکلیان ،حضرت سلطان علی شاہ صاحب مرزائی بسواکلیان ،شری ہواملیناتھ مہاراج نیرگوڑی،شری ڈاکٹر شیوانند مہاسوامی گروباسویشور سنتھان مٹھ بلسور،شری ڈاکٹر بسوالنگاپٹادیوارو صدر انوبھاوا منٹپ بسواکلیان،شری ڈاکٹر ابھینوگھنالنگ ردرامنی شیواچاریہ سوامی جی گوی مٹھ بسواکلیان علاوہ دیگر معززین وعمائدین مہمانانِ خصوصی کی حیثیت سے شرکت فرمائیں گے ۔ تمام عقیدتمندان اولیاءکرام سے کثیر تعداد میں شرکت کی التماس ہے ۔
Comments
Post a Comment