ادارہ میرا شہر میرے لوگ کے ادبی اجلاس و مشاعرہ میں فاضل حسین پرویز کو مولانا عبدالوحید صدیقی میڈیا یونیٹی ایوارڈ اور ڈاکٹر ماجد داغی کی 50 سالہ شعری ، ادبی ، تعلیمی و صحافتی خدمات کا اعتراف و تہنیت۔


حیدر آباد - 25 / اپریل ادارہ میرا شہر میرے لوگ کا میڈیا پلیس گن فاؤنڈری حیدرآباد میں ماہانہ اجلاس یادِ رفتگاں منعقد ہوا ۔ جس میں صدر ادارہ جناب صلاح الدین نیر نے خیر مقدمی خطاب کیا اور اجلاس کے اغراض و مقاصد سے واقف کرواتے ہوئے جناب عابد علی خان مرحوم اور جناب محبوب حسین جگر مرحوم کو خراجِ عقیدت پیش کیا اور کہا کہ ادارہ میرا شہر میرے لوگ 40 سالہ قدیم رجسٹرڈ ادارہ ہے جس کے بانیوں میں عابد علی خاں ، ڈاکٹر نارئن ریڈی ، ڈاکٹر رامنّا چاری ، نیپال سنگھ ورما اور رئیس اختر شامل ہیں۔ اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے صدر اجلاس پروفیسر ایس اے شکور ڈائرکٹر دائرۃ المعارف نے جناب صلاح الدین نیر کی ادبی خدمات کو خراجِ تحسین پیش کرتے ہوئے کہا کہ نیر صاحب نے اب تک 124 شعراء و ادباء اور علمائے کرام کو خراجِ عقیدت پیش کرتے ہوئے قابلِ قدر کارنامہ انجام دیا ہے ۔ انہوں نے چیف ایڈیٹر گواہ ڈاکٹر فاضل حسین پرویز کو اردو صحافتی خدمات پر نئی دنیا فاؤنڈیشن کا مولانا عبدالوحید صدیقی میڈیا یونیٹی ایوارڈ ملنے پر دلی مبارک باد پیش کی۔ ممتاز و معروف مرحوم شعرائے کرام اثر غوری، شاغل ادیب ، عزیز بھارتی اور ڈاکٹر م ق سلیم کی ادبی و شعری خدمات کو خراجِ عقیدت پیش کیا۔ انہوں نے کہا کہ یہ لائقِ تحسین شعراء و ادباء اپنے وقت کے بہت اہم ترین شخصیات گزرے ہیں جنہوں نے اردو کیلئے اپنے آپ کو وقف کر دیا تھا ۔ اردو کیلئے ان کی خدمات نا قابلِ فراموش ہیں۔ ممتاز و معروف مزاحیہ و سنجیدہ شاعر جناب لطیف الدین لطیف نے اجلاس کی کاروائی چلائی۔ 
         جناب صلاح الدین نیر نے فاضل حسین پرویز کو اعزاز پانے پر مسرت کا اظہار کیا۔ اس اجلاس میں مہمانانِ خصوصی ڈاکٹر ماجد داغی کا بھی مقررین نے خیر مقدم کیا۔ جناب صلاح الدین نیر نے ڈاکٹر ماجد داغی کی 50 سالہ شعری ، ادبی ، تعلیمی و صحافتی خدمات کا احاطہ کرتے ہوئے انہیں گلبرگہ کی اہم شخصیتوں میں شامل کیا۔ ڈاکٹر فاضل حسین پرویز نے کہا کہ ڈاکٹر ماجد داغی سے گزشتہ کئی برسوں سے رسم و راہ ہے اس سلسلے چند برس پہلے ان کی زرخیز سرزمین پر ایک خصوصی شمارہ میں ان ادبی خدمات کا تفصیلی جائزہ بھی پیش کرچکا ہوں ، جناب عبدالماجد ڈائریکٹر فور ٹی وی نے ڈاکٹر ماجد داغی کی صحافتی خدمات پر روشنی ڈالتے ہوئے کہا اردو صحافت میں ڈاکٹر ماجد داغی ایک سنجیدہ اور سُلجھی ہوئی شخصیت کی حیثیت سے معروف ہیں ہم ایک دوسرے کے رفیقِ کار کی حیثیت سے صحافتی خدمات کا تجربہ رکھتے ہیں ۔ 
         جناب ایم اے ماجد نے شعراء و ادباء کی قدر افزائی کا تذکرہ کرتے ہوئے کہا کہ مرحوم شعراء اور ادیبوں کو اردو اکیڈمی کی جانب سے مالی مدد کی جاتی تھی لیکن اب یہ کام موقوف ہوگیا ہے اس کی طرف حکومت اور اربابِ مجاز کو توجہ دلانے کی ضرورت ہے ۔ ڈاکٹر سید احمد اقبال چانسلر حلیمہ یونیورسٹی نے کہا کہ یہ بڑی خوش آئند بات ہے کہ حیدر آباد میں اردو کے کام اور اردو کے جلسے ہوا کرتے ہیں۔ انہوں نے یونیٹی ایوارڈ ملنے پر ڈاکٹر فاضل حسین پرویز کو بھی مبارکباد دی ۔ ادبی اجلاس سے قبل تہنیتی اجلاس ہوا جس میں فاضل حسین پرویز اور ڈاکٹر ماجد داغی کو تہنیت پیش کی گئی۔ اس موقع پر ڈاکٹر ماجد داغی کی کتاب انجمن 13 کی رسم رونمائی بھی عمل میں آئی ادبی اجلاس کے فوری بعد مشاعرہ منعقد ہوا جس کی صدارت ڈاکٹر ناقد رزاقی نے کی ۔ مہمانانِ خصوصی کی حیثیت سے ڈاکٹر ماجد داغی اور ڈاکٹر سید احمد اقبال چانسلر حلیمہ عزیز یونیور سٹی شامل رہے۔ صدر و مہمانانِ خصوصی میں ڈاکٹر ماجد داغی کے علاوہ صلاح الدین نیر ، علی جواد شہپر ، لطیف الدین لطیف ، تشکیل انور رزاقی ، باسط علی رئیس ، سراج یعقوبی ، گویند اکشے نے کلام سنایا۔ تشکیل انور ناظم مشاعرہ رہے ۔ لطیف الدین لطیف کے شکریہ پر اس محفل کا اختتام عمل میں آیا۔

Comments

Popular posts from this blog

پانگل جونیئر کالج میں نیٹ, جی میں کامیاب طلباء کا استقبال۔

رتن نیدھی چیریٹیبل ٹرسٹ ممبئی کی جانب سے بیگم قمر النساء کاریگر گرلز ہائی اسکول اینڈ جونیئر کالج کو سو کتابوں کا تحفہ۔

شمع اردو اسکول سولاپور میں کھیلوں کے ہفتہ کا افتتاح اور پی۔ایچ۔ڈی۔ ایوارڈ یافتہ خاتون محترمہ نکہت شیخ کی گلپوشہ