وزیرِ اعلیٰ کے ہاتھوں کنڑ ہم آہنگی کی کثیر الجہتی وراثت کی ترجمان 41 کتابوں کی اشاعتی تقریب کا افتتاح ، ڈی کے شیوکمار و دیگر وزراء اور رضوان ارشد کی شرکت گلبرگہ سے ڈاکٹر ماجد داغی و دیگر اراکین مدعو۔
کلبرگی 7 / اپریل (راست) ڈاکٹر سنتوش ہانگّلی سیکرٹری کنڑ ڈیولپمنٹ اتھارٹی بنگلورو نے اعلان کیا ہے کہ کنڑ ڈیولپمنٹ اتھارٹی حکومتِ کرناٹک بنگلورو کے زیرِ اہتمام کرناٹک کی کثیرالجہتی وراثت کی نمائندگی کرنے والی کنڑ ہم آہنگی کے اہم مقامات کی نشاندہی پر مبنی 41 کتابوں کی رسمِ اجراء ، ڈاکٹر پرشوتم بِڑیمیلےصدر کنڑ ڈیولپمنٹ اتھارٹی کی نگرانی و صدارت میں کنڑ ہارمونی گراؤنڈز (Kannada Harmony Grounds) کے زیرِ عنوان بتاریخ 13 / اپریل 2026 ء بروز پیر بوقت 11:00 بجے دن ، بمقام بینکوئٹ آڈیٹوریم ، ودھان سودھا ، بنگلور میں ایک عظیم الشان تقریب منعقد ہو رہی ہے جس کا افتتاح بدست وزیر اعلیٰ کرناٹک مسٹر سدرامیّا عمل میں آرہا ہے ۔
اس یادگار اور بےمثل اجلاس کی تفصیلات بیان کرتے ہوئے ڈاکٹر سنتوش ہانگّلی، سیکرٹری کنڑ ڈیولپمنٹ اتھارٹی بنگلورو نے بتایا کہ تقریب کا افتتاح عزت مآب وزیرِاعلیٰ ریاست کرناٹک جناب سدرامیّا انجام دینگے اور جناب ڈی۔ کے۔ شیوکمار نائب وزیرِ اعلیٰ ، شری پی سی موہن، معزز رکن لوک سبھا، بنگلور سینٹرل۔ بحیثیت مہمانانِ خصوصی شرکت فرمائیں گے ۔
جناب رضوان ارشد معزز رکن اسمبلی شیواجی نگر کی صدارت میں منعقدہ اس افتتاحی تقریب میں شری شیوراج ایس۔ تنگڑگی معزز وزیر برائے بیک ورڈ کلاسز ویلفیئر و وزیر کنڑ اینڈ کلچر حکومت کرناٹک افتتاحی و خیر مقدمی خطاب فرمائیں گے ۔
اس تاریخی اجلاس میں گلبرگہ سے ڈاکٹر ماجد داغی معزز رکن ضلع کنڑ جاگرتی سمیتی و دیگر مدعو اراکین پروفیسر شرن بسپا وڈنکیری ، شری کاشی ناتھ ، شریمتی نندنی سریندر سنبھال ، منجوناتھ بیرناہلی اور مہانگر پالیکے کلبرگی کے اراکین ڈاکٹر کرونا جمعدارخانی، شری سنیل مانپاڑے ، شری وشوناتھ باکھرے ، ڈاکٹر شری شیل ناگرن ، سیدہ صوفیہ بیگم اور شریمتی مہادیوی شرکت فرمائیں گے ۔
ڈاکٹر سنتوش ہانگّلی نے تفصیلات بیان کرتے ہوئے کہا کہ تاریخی طور پر، کنڑ کی سر زمین نے کئی کمیونٹیز کو خوش آمدید کہتے ہوئے اپنی تہذیب کے دامن میں سمو لیا ہے ۔ اب یہ کمیونٹیز کرناٹک کی رنگا رنگ تہذیب و تمدن میں ضَم ہو کر کرناٹک کو اپنا گھر منتخب کیا ہے اور یہ کنڑ ثقافت کا ایک خوبصورت حصہ بن چکی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ کرناٹک کی تہذیب تمام مذاہب کے احترام کا درس دیتی ہے ۔ اس سر زمین کی خاصیت ہے کہ یہ تمام کمیونٹیز کی شمولیت سے ایک انفرادیت کو جنم دیتی ہے ۔ کثیر لسانی ماحول اور جغرافیائی فرق کی پیچیدگیوں کے باوجود تاریخی طور پر یہ سر زمین تمام نسلوں کے لیے امن اور کثیر الجہتی ثقافت کی وراثت کا ایک دلکش باغ رہی ہے ۔ انہوں نے کہا کہ کنڑ ڈیولپمنٹ اتھارٹی (کے ڈی اے) بنگلورو نے کنڑا زبان کے ماخذ کو اجاگر کرنے کے لئے کنڑ ہم آہنگی کا احاطہ کرنے والی 41 کتابیں شائع کی ہیں ۔ یہ کتابیں لوک کہانیوں ، ہم آہنگی کے مقامات اور مختلف مذاہب کے وجود کا کنڑ کی ترقی میں کردار کی ترجمان ہیں ۔
منصوبہ ساز پروفیسر ڈاکٹر پرشوتم بِلڑیمیلے صدرنشین کنڑ ڈیولپمنٹ اتھارٹی اس تاریخی کارنامے پر روشنی ڈالیں گے ۔ جبکہ جناب جے۔ منجوناتھ، بی اے ایس۔ سیکرٹری برائے محکمہ کنڑ اینڈ کلچر حکومتِ کرناٹک اور جناب بوڑوارو محمد کنہی مصنف و پروجیکٹ ایڈیٹر بحیثیت خصوصی مدعو شرکت فرمائیں گے ۔
Comments
Post a Comment