سیتامڑھی میں عازمینِ حج 2026 کے لئے عظیم الشان دعائیہ و تربیتی مجلس، علماء نے قیمتی نصائح سے نوازا۔


  
سیتامڑھی: (محمد امین الرشید) بہار ریاستی حج کمیٹی، پٹنہ کی جانب سے محکمہ اقلیتی فلاح حکومت بہار کے تعاون سے مدرسہ رحمانیہ مہسول سیتامڑھی میں عازمینِ حج 2026 کے لئے ایک بامقصد، روح پرور اور معلوماتی دعائیہ و تربیتی مجلس کا انعقاد کیا گیا۔ اس پروگرام میں عازمینِ حج کے ساتھ ساتھ علاقے کے علماء، ائمہ، دانشوران اور عوام کی بڑی تعداد شریک ہوئی۔
پروگرام کا آغاز تلاوتِ کلامِ پاک سے ہوا، جس کے بعد علمائے کرام نے یکے بعد دیگرے اہم موضوعات پر تفصیلی اور رہنمائی پر مبنی بیانات پیش کئے۔
مولانا رضوان القاسمی (امام و خطیب ربانیہ جامع مسجد راجوپٹی) نے اپنے خطاب میں مدینہ منورہ کی حاضری کے آداب بیان کرتے ہوئے کہا کہ یہ محض ایک سفر نہیں بلکہ محبتِ رسول ﷺ کا عملی اظہار ہے انہوں نے زور دیا کہ زائرین کو چاہئے کہ وہ ادب، خاموشی، درود و سلام اور مکمل عاجزی کے ساتھ حاضری دیں اور ہر لمحہ اپنی نیت کو خالص رکھیں۔
مولانا عظمت علی قاسمی (امام و خطیب مرکز والی مسجد مہسول) نے “حج کیسے کریں” کے عنوان پر انتہائی مدلل اور آسان انداز میں ارکانِ حج، واجبات اور سنتوں کی وضاحت کی، انہوں نے کہا کہ حج صرف ظاہری اعمال کا نام نہیں بلکہ یہ صبر، تقویٰ، اخلاص اور قربانی کا عملی مظاہرہ ہے۔ انہوں نے عازمین کو ہدایت دی کہ وہ سفرِ حج سے قبل مکمل دینی رہنمائی حاصل کریں تاکہ کسی غلطی کا اندیشہ نہ رہے۔
مولانا ثناء اللہ قاسمی، پٹنہ نے “حج کے پانچ دن” پر روشنی ڈالتے ہوئے منیٰ، عرفات، مزدلفہ اور رمیِ جمرات کے مراحل کو ترتیب وار بیان کیا، انہوں نے کہا کہ ان ایام میں صبر و تحمل، نظم و ضبط اور اللہ کی یاد میں مشغول رہنا ہی اصل کامیابی ہے۔
ڈاکٹر نفیس اختر (ایم بی بی ایس) نے اپنے خطاب میں عازمین کو صحت سے متعلق اہم ہدایات دیں۔ انہوں نے کہا کہ سفرِ حج میں جسمانی مضبوطی، صفائی، مناسب خوراک، پانی کا استعمال اور ادویات کا خیال رکھنا نہایت ضروری ہے تاکہ عبادات بخوبی انجام دی جا سکیں۔
اس بابرکت پروگرام کے کامیاب انعقاد میں حاجی انجینئر فیض اختر، نقیب اختر، کلیم اختر، حج انسپکٹر نوشاد عالم اور مدرسہ رحمانیہ مہسول کے اساتذہ و ذمہ داران کی محنتیں قابلِ ستائش رہیں۔
واضح رہے کہ اس سال ضلع سیتامڑھی سے 132 خوش نصیب عازمین کو فریضۂ حج کی سعادت حاصل ہوگی، جس کے پیش نظر اس طرح کے تربیتی پروگرام نہایت اہمیت کے حامل ہیں۔
اس موقع پر حافظ مجیب الرحمٰن، قاری محمد امین الرشید، نوشاد عالم، مولانا تنویر شمسی قاری مشتاق احمد رحمت اللہ انصاری، قاری افضل آزاد، مولانا ارشد ،مولانا فضیل، مولانا قاسم، مولانا خورشید ندوی ، جلال الدین انصاری، منظور انصاری، مولانا اشرف علی، مولانا اسامہ قاسمی، مولانا حشمت اللہ قاسمی،قاری توحید انور سمیت دیگر معزز شخصیات بھی موجود رہیں۔
پروگرام کے اختتام پر تمام عازمینِ حج کے لئے خصوصی دعا کا اہتمام کیا گیا، جس میں ان کے سفر کی آسانی، صحت و سلامتی اور حج کی قبولیت کے لئے اللہ تعالیٰ کے حضور گڑگڑا کر دعا کی گئی۔

Comments

Popular posts from this blog

پانگل جونیئر کالج میں نیٹ, جی میں کامیاب طلباء کا استقبال۔

رتن نیدھی چیریٹیبل ٹرسٹ ممبئی کی جانب سے بیگم قمر النساء کاریگر گرلز ہائی اسکول اینڈ جونیئر کالج کو سو کتابوں کا تحفہ۔

شمع اردو اسکول سولاپور میں کھیلوں کے ہفتہ کا افتتاح اور پی۔ایچ۔ڈی۔ ایوارڈ یافتہ خاتون محترمہ نکہت شیخ کی گلپوشہ