ویزا فری انٹری - سعودی عرب اور روس کے درمیان معاہدے پر 11 مئی سے عملدرآمد۔
ریاض ۔ کے این واصف :
سعودی وزارت خارجہ نے سعودی عرب اور روس کے درمیان سفر کے لیے ویزے سے استثنی کے معاہدے پر گیارہ مئی سے عملدرآمد کا اعلان کیا ہے۔
یاد رہے کہ سعودی عرب اور روس نے یکم دسمبر 2025 کو ایک معاہدے پر دستخط کیے تھے جس میں دونوں ملکوں کے شہریوں کو ویزا فری انٹری کی اجازت دی گئی۔
سعودی، روسی انویسٹمنٹ اینڈ بزنس فورم کے دوران سعودی وزیر خارجہ شہزادہ فیصل بن فرحان جبکہ روسی جانب سے نائب وزیر اعظم الیگزینڈر نوواک نے دستخط کیے تھے۔
معاہدے کے تحت دونوں ملکوں کے پاسپورٹ رکھنے والے شہریوں کو سیاحت، کاروبار یا فیملی وزٹ کے لیے ویزا فری انٹری کی اجازت ہوگی۔
استثنی کی اجازت ایک کیلنڈر سال کے اندر مجموعی طور پر 90 دن کے لیے ہوگی۔
یہ معاہدہ، سفر کو آسان بنانے اور لوگوں کے درمیان قریبی روابط کو فروع دینے کے لیے دونوں ملکوں کے عزم کی عکاسی کرتا ہے۔
اس اقدام سے سیاحت کو فروغ ملے گا، متعدد شعبوں میں اقتصادی اور ثقافتی تعاون کو تقویت ملے گی۔
روس پہلا ملک ہے جس کے ساتھ سعودی عرب نے باہمی ویزے سے استثنی کے معاہدے پر دستخط کیے ہیں جس میں عام پاسپورٹ ہولڈرز شامل ہیں۔
واضح رہے یہ معاہدہ داخلے کے طریقہ کار کو آسان بنانے، باہمی دوروں کو فروغ دینے، سیاحت، اقتصادی اور ثقافتی شعبوں میں تعاون کو مضبوط بنانے کے عزم کی عکاسی کرتا ہے۔
Comments
Post a Comment